پاکستان کرکٹ ٹیم کے عبوری کوچ جیسن گلیسپی نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف تین ون ڈے میچز کی سیریز آسٹریلیا کی بہت زیادہ ترجیحات میں شامل نہیں تھی، کرکٹ آسٹریلیا بھارت کے خلاف بارڈر گواسکر ٹرافی پر زیادہ توجہ دے رہا ہے۔
آسٹریلوی میڈیا کو انٹرویو میں جیسن گلیسپی نے کہا کہ حارث رؤف کے پیس نے آسٹریلوی بیٹنگ کی خامیوں کو ایکسپوز کیا اور ہم یہ جانتے تھے کہ آخری میچ کے لیے آسٹریلوی ٹیم میں تبدیلیاں ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ آپ کے ذہن میں ہمیشہ یہ بات ہوتی ہے پرتھ میں وہ اپنے بڑے فاسٹ بولرز میدان میں اتاریں گے لیکن یہ سلیکٹرز اور کوچز پر منحصر ہے کہ وہ اپنے کھلاڑیوں کو کیسے مینج کرتے ہیں اور آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف یہی کچھ کیا۔
ان کا کہنا تھاکہ تین ون ڈے میچز کی سیریز آسٹریلیا کی بہت زیادہ ترجیحات میں شامل نہیں تھی اور ایمانداری سے کہوں تو کرکٹ آسٹریلیا نے ہمارے ون ڈے سیریز کی اتنی پروموشن نہیں کی جو کہ حیران کن تھا، کرکٹ آسٹریلیا بھارت کے خلاف بارڈر گواسکر ٹرافی پر زیادہ توجہ دے رہا ہے۔
جیسن گلیسپی کا کہنا تھاکہ ہم یہی کر سکتے ہیں کہ ہمارے سامنے کوئی بھی حریف ٹیم ہو ان کے خلاف اچھا کھیلیں، بڑی خوشی کی بات ہے ہم نے آسٹریلیا کو صرف ہرایا نہیں بلکہ بڑے واضح مارجن سے شکست دی اور حقیقت یہی ہے کہ ہمیں پہلا میچ بھی جیتنا چاہیے تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں آپ کو اپنے پلیئرز کو زیادہ سے زیادہ فٹ رکھنے کی کوشش کرنی ہوتی ہے، یہ بڑی غیر حقیقی بات ہے کہ آپ ہر میچ میں ہر ایک کھلاڑی کو کھلائیں کیونکہ ہر میچ میں ہر کھلاڑی کو کھلانا قابل عمل نہیں، اس سے کھلاڑی تھکاوٹ کا شکار ہو سکتے ہیں۔
گلیسپی کا کہنا تھاکہ اس سیریز میں ہماری بولنگ آسٹریلوی بیٹنگ کی خامیوں کو سامنے لے کر آئی اور مجھے یقین ہے آسٹریلیا اس خامیوں کو بہتر کرنے کی کوشش کرے گی، اچھے کھلاڑی اور ٹیمیں ایسا ہی کرتی ہیں، آپ سیکھتے ہیں اور نئے چیلنج کے لیے تیاری کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے 22 سال بعد آسٹریلیا کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر ون ڈے سیریز میں شکست دی اور سیریز 1-2 سے اپنے نام کی۔