آرٹس کونسل کراچی میں جیو اور جنگ کے اشتراک سے عالمی ثقافتی میلہ بہت شان سے اپنی منزل کے اختتام کو پہنچ گیا جس کے آخری روز گلوکار عاصم اظہر اور اختر چنال کی پرفارمنس نے چار چاند لگا دیے۔
کسی ماہر سفیر کی طرح پاکستان کا تعارف کرواتا، تہذیبوں اور ثقافتوں کو جوڑتا، موسیقی، رقص، تھیٹر اور فائن آرٹ کی جہتیں دکھاتا، عالمی ثقافتی میلے کے آخری روز نوجوانوں میں مقبول شاعر تہذیب حافی نے اشعار کی لڑی میں محبت، درد تنہائی اور وصل اور ہجرکے قصے چھیڑے، سننے والوں کو دل تھامنے اور داد دینے پر مجبور کردیا۔
پھر لوک گلوکار اختر چنال نے روایتی گیتوں سے ماحول میں تازگی کا احساس جگایا اور مشہور گانا دانا پے دانا گایا جبکہ ملکی اور بین الاقوامی آرٹسٹوں کو شیلڈ پیش کرکے محبت اور پذیرائی کے پھول نچھاور کیے گئے۔
ادھر نوجوانوں میں مقبول عاصم اظہرکی دلکش پرفارمنس سے پہلے مداح پرجوش نظر آئے، عاصم اظہر نے اسٹیج پرقدم رکھے تو میگا ایونٹ کی شان بڑھ گئی۔
میلے میں مزاح نگار انور مقصود، مختلف ممالک کے قونصل جنرل، سی سی پی او جاوید عالم اوڈھو، چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ سمیت اہم شخصیات کی شرکت نے فیسٹیول کا وقار بڑھایا۔
عوام سے بھرے وائی ایم سی اے گراؤنڈ میں حاضرین نے قیمتی لمحات کو موبائل میں قید کیا، عالمی ثقافتی میلہ شاندار آتش بازی اور اس امید کے ساتھ اختتام کو پہنچا کہ آئندہ برس میلے میں 100ممالک کے فنکار اپنی اپنی تہذیب و ثقافت کے رنگ بکھیریں گے۔