چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ایران بس حادثے میں جاں بحق افراد کے ورثا کے لیے فی خاندان 50 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے فی فرد 10 لاکھ روپے امداد دینے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعلی سندھ نے کہا ہے کہ حکومت سندھ نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی ہدایت پر جاں بحق زائرین کو واپس لانے کا مکمل انتظام کیا ہے جبکہ تمام انتظامات اور معاوضے کے جاری ہونے کی رپورٹس چیئرمین بلاول بھٹو کو بروقت دی جائیں گی۔
قبل ازیں، وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے ایران بس حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کو واپس لانے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر دیے ہیں۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کی درخواست پر وزیراعظم نے C-130 جہاز ایران سے میتوں اور زخمیوں کو واپس لانے کے لیے بھیجا ہے جبکہ یہ فیصلہ ہونا باقی ہے کہ جہاز کی لینڈنگ سکھر ہوگی یا پھر جیکب آباد جس کا فیصلہ سہولیات کے حساب سے وقت پر کیا جائے گا۔
ناصر شاہ نے جاں بحق افراد کے ورثا کو پیغام دیا کہ وزیراعلی سندھ نے ایئر ایمبولینس اور دیگر ایمبولنسز کا انتظام سکھر اور جیکب آباد میں کر دیا ہے، جاں بحق اور زخمیوں کے ورثا پریشان نہ ہوں، ہم انھیں ایئرپورٹ اور جہاز کی لینڈنگ کی اطلاع بروقت دے دیں گے۔ناصر شاہ نے بتایا کہ اگر کسی زخمی کو کراچی منتقل کرنا پڑا تو اس کے لیے ایئرایمبولنس کا بندوبست ہے، حکومت سندھ زخمیوں کا بہتر طریقے سے علاج کرائے گی لہذا ورثا تسلی رکھیں۔وزیراعلی سندھ نے ضلعی انتظامیہ کو جاں بحق اور زخمیوں کے ورثا کے ساتھ بھرپور تعاون اور رابطہ رکھنے کی ہدایت کر دی ہے۔