صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پرائس کنٹرول کونسل کا چوتھا اجلاس محکمہ صنعت و تجارت کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس میں اشیا ضروریہ کی دستیابی، قیمتوں اور مانیٹرنگ کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔ڈی جی انڈسٹریز آصف علی فرخ نے پرائس کنٹرول کونسل کو اٹھائے گئے اقدامات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔
پرائس کنٹرول کونسل نے اشیا کی دستیابی اور قیمتوں میں استحکام پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سپلائی چین مینجمنٹ کے حوالے سے خصوصی سیل بنایا گیا ہے اور قیمت ایپ پنجاب میں دکانوں کی رجسٹریشن اور ڈیجٹل مانیٹرنگ کے حوالے سے نیا فیچر شامل کیا جارہا ہے۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ضلع کی سطح پر نیلامی کے عمل کی مانیٹرنگ کے لئے اے ڈی سی آر اور تحصیل کی سطح پر اے سی کی سربراہی میں کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔
اجلاس میں دالوں اور گراسری آئٹمز کی قیمتوں کے تعین کیلئے مرکزی کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن سے مشاورت کا فیصلہ گیا۔جی ایم او سویا بین کی درآمد کی اجازت کے حوالے سے سفارشات وفاقی حکومت کو بھجوانے کا بھی فیصلہ ہوا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں مزید کمی لانے کیلئے مڈل مین کا کردار ختم کرنا ہوگا۔
صوبائی وزیرنے پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جن اضلاع میں ابھی تک پرائس کنٹرول کمیٹیاں فعال نہیں، انہیں فوری طور پر فعال بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اشیا ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں کی مانیٹرنگ سے متعلقہ ادارے متحرک ہو کر کام کریں، تساہل اور غفلت کی کوئی گنجائش نہیں۔صوبائی وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ مارکیٹوں میں اشیا ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔اجلاس میں صوبائی وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی، سیکرٹری خوراک، سیکرٹری لائیو سٹاک، ڈی جی پامرا اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔