وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ جب تک 9 مئی کے ایک ایک کردار اور سہولت کار کو کٹہرے میں کھڑا نہیں کیا جاتا ملک ترقی نہیں کر سکتا، پاک فوج کے ادارے میں خود احتسابی کا عمل خوش آئند ہے، نومئی کرنے والوں کا گینگ آہستہ آہستہ ایکسپوز ہو رہا ہے۔ جمعہ کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اس بات کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں کہ شہدا کا تمسخر اڑانے والے کب کٹہرے میں لائے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام نے پاک فوج کے سپہ سالار کے اس اقدام کو بے حد سراہا ہے، دفاعی تنصیبات پر حملے کرنے اور کروانے والے ایک ہی گینگ کے پارٹنر ہیں، اب اس میں کوئی چیز پوشیدہ نہیں رہی کہ9 مئی کا ماسٹر مائنڈ کون ہے اور اس کے سہولت کار کون تھے، بانی پی ٹی آئی کے اب نقاب اترنا شروع ہوگئے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ محسن کشوں اور احسان فراموشوں کی ہر ریس میں بانی پی ٹی آئی اول نمبر پر آئے ہیں،باقی بھی جن جگہوں پر نومئی کے ماسٹر مائنڈ کے سہولت کار ہیں ان اداروں کو خود احتسابی کا عمل شروع کرنا پڑے گا۔