وفاقی حکومت نے تحریک انصاف پر پابندی لگنے کا فیصلہ کرلیا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ اس ملک کے ساتھ کھلواڑ بہت ہوگیا لیکن اب نو مور، اگر ہم نے ملک کو ترقی کی راہ پر لے کر چلنا ہے تو پاکستان اور پی ٹی آئی مل کر نہیں چل سکتے یہ واضح ہے، وفاقی حکومت نے سائفر، آئی ایم ایف کو خط، فارن فنڈنگ اور نو مئی کے پی ٹی آئی کے معاملات پر اسے بین کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وفاقی حکومت تحریک انصاف پر پابندی لگانے کے لیے کیس دائر کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ آپ ظلم کر رہے ہیں ہم میثاق جمہوریت کر رہے ہیں، یہ ہے ہماری سیاسی تربیت، ہماری سیاسی تربیت کو ہماری تحمل مزاجی اور برداشت اور دانشمندی کو ہماری کمزوری سمجھا گیا، ہماری سیاسی تربیت ہے کہ مخالف کو آپ کہہ کر مخاطب کرتے ہیں، حکومت ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام کیلئے کوشاں ہے لیکن ملک میں ہیجانی کیفیت پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، سات خون معاف کے نام سے ایک فلمی ٹریلر چلایا جارہا ہے، بتایا جارہا ہے کہ ان ٹچ ایبل ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ ملک کے خلاف سازش کریں، فارن فنڈنگ لیں، بیرون ملک لابنگ کریں، فرمز ہائی کریں، پاکستان کے خلاف قراردادیں پاس کرائیں، سائفر کا ڈرامہ رچائیں، 9 مئی کے حملے کریں، ملک کو ڈیفالٹ کرنے کی کوشش کریں، آپ کو پوچھنے والا کوئی نہیں ہے؟ عمران خان نے خود خواتین کو جیلوں میں ڈالنے کی روایت ڈالی، مسلم لیگ ن کے آدھے لیڈر جیل میں تھے، ہماری اعلیٰ قیادت اور خواتین کو جیلوں میں ڈالا گیا، وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں ساتھ چلنے کی بات کی، یہ لوگ ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں لیکن حکومت ان کی سازش کامیاب نہیں ہونے دے گی، یہ اسی قابل ہیں کہ انہیں گالیاں دی جائیں۔