بجلی صارفین کے بلوں میں فکسڈ چارجز عائد کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، صارفین ماہانہ یونٹس کی کھپت کے لحاظ سے فکس چارجز ادا کریں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 301 سے 400 یونٹ تک استعمال پر گھریلو صارفین یکم جولائی سے 200 روپے فکس چارجز ادا کریں گے، 401 سے 500 یونٹ استعمال کرنے والوں کو 400 روپے، 501 سے 600 یونٹ تک استعمال کرنے والے 600 روہے، 601 سے 700 یونٹ استعمال کرنے والے 800 اور 700 سے زائد یونٹ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو ماہانہ 1 ہزار روپے فکس چارجز ادا کرنا ہوں گے۔
بتایا گیا ہے کہ ٹائم آف یوز میٹر استعمال کرنے والے گھریلو صارفین بھی ماہانہ 1000 روپے مقررہ چارجز ادا کریں گے، 5 کلو واٹ سے کم لوڈ والے کمرشل صارفین کو ماہانہ 1000 روپے دینا ہوں گے، 5 کلو واٹ یا اس سے زیادہ لوڈ والے بجلی کے کمرشل صارفین 2000 روپے ادا کریں گے، ٹی او یو میٹرنگ کے تحت 25 کلو واٹ تک استعمال کرنے والے صنعتی صارفین 1000 روپے ادا کریں گے جب کہ بی ٹو کیٹیگری کے 500 کلو واٹ تک کے صارفین 2000 روپے ادا کریں گے، 5 ہزار کلو واٹ استعمال کرنے والے بی 3 کیٹیگری کے صنعتی صارفین 2000 روپے مقررہ چارجز ادا کریں گے، بی 4 کیٹیگری کے صارفین بھی مقررہ چارجز 2000 روپے ماہانہ ادا کریں گے۔