پاکستان
0 0
Spread the love
Read Time:2 Minute, 10 Second

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے صحافی احتشام عباسی کی درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں جوائنٹ سیکرٹری داخلہ عدالت میں پیش ہوئے اور رپورٹ جمع کرائی۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ وزارت داخلہ سے آئے تو ہیں، اب دیکھتے ہیں کیا لائے ہیں؟ عدالت نے وزارت داخلہ کی رپورٹ پر برہمی کا اظہار کیا۔

جوائنٹ سیکرٹری داخلہ نے عدالت کو بتایا کہ سکیورٹی ایجنسیز کی رپورٹ پر ایکس بند کیا گیا ہے، اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ کوئی لکھت پڑھت بھی توبتائیں، یہی کہا تھا کہ تفصیلات لے کرآئیں، یہ کونسا طریقہ ہے؟ یہ کیا رویہ ہے؟ عدالت کی معاونت کریں۔

عدالت نے کہا کہ نہ فائل لائے نہ کچھ اور، آپ بتادیں کیا وجہ لکھواؤں؟کیا سیکرٹری داخلہ کوبلائیں؟ ہر چیز جام کی ہوئی ہے، سب کچھ بند کیا ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں
اسلام آباد ہائیکورٹ: ایکس بندش کیخلاف درخواست پر پی ٹی اے اور وزارت اطلاعات کو نوٹس جاری
جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ جوائنٹ سیکرٹری صاحب زبانی نہیں ہر چیز لکھ کردیں کہ کیا سکیورٹی تھریٹ ہے۔

جوائنٹ سیکرٹری داخلہ نے عدالت کو بتایا کہ انٹرنیٹ پر ملکی سلامتی کو خطرہ تھا جس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ دستاویزات دکھائیں، زبانی کلامی بات نہیں ہوگی، تقریر نہیں کرنی وجوہات بتائیں، تقریر میں آپ سے زیادہ کرلیتا ہوں۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے وزارت داخلہ کی رپورٹ کے حوالے سے کہا کہ یہ کیا ہے؟ اس رپورٹ سے بہتر تو میرا سیکرٹری رپورٹ بنادے گا۔

عدالت کی برہمی پر جوائنٹ سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ انٹرنیٹ پر اپ لوڈ مواد سے ملکی سلامتی کو خطرہ ہے، اس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ کوئی ثبوت بھی ہوں گے ناں، آئی بی کی رپورٹ پر آپ نے ایکس بند کردیا، اس میں کوئی وجوہات نہیں لکھی ہوئیں، صرف قیاس پرمبنی رپورٹ ہے، سیکرٹری داخلہ کوبلائیں ان کے بس کی بات نہیں، سیکرٹری داخلہ کو بلاؤں گا تبھی کچھ ہوگا۔

چیف جسٹس نے سوال کیا کہ کیا کروں؟کیا لکھواؤں کہ سرکار تھکی ہوئی ہے،کام نہیں کرسکتی؟ آپ صرف منتیں ترلے کررہے ہیں، آپ کے پاس چیز کوئی نہیں، ہر ادارے میں بدنیتی ہے،کیا کہوں، ایکس بندش کےخلاف دیگر عدالتوں میں بھی کیسز ہیں، دیکھتے ہیں کون پہلے ایکس کھلواتا ہے۔

جسٹس عامر فاروق نے مزید کہاکہ اس سےمتعلق دوسری عدالتوں کے فیصلے ہیں تو وہ بھی جمع کرادیں، قومی سلامتی کو بھی کوئی خطرہ ہو تو اس کی بھی وجوہات بتائیں۔

بعد ازاں عدالت نے ایکس بندش کیس میں سیکرٹری داخلہ کو 17 اپریل کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

Happy
Happy
0 %
Sad
Sad
0 %
Excited
Excited
0 %
Sleepy
Sleepy
0 %
Angry
Angry
0 %
Surprise
Surprise
0 %