وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کاشت کاروں پر صفائی ٹیکس لگانے کی تجویز مسترد کر دی۔
لاہور میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت صوبے بھر میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں کاشت کاروں پر صفائی ٹیکس لگانے کی تجویز پیش کی گئی جو مریم نواز نے مسترد کر دی۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صفائی کے نئے نظام سے 1 لاکھ سے زائد نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی، ہر گلی، محلے اور دیہات کی صفائی کا پائیدار نظام نافذ کیا جائے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ دیہات کا دورہ کر کے خود صفائی کے نظام کے بارے میں جائزہ لوں گی، لوکل کمیونٹی کو صفائی مہم کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کے لیے شامل کیا جائے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ صفائی کا بہترین نظام لائیں گے، ماڈل سروسز مہیا کی جائیں گی، دیہات میں کمیونٹی کے اشتراک سے گلی، محلے کو صاف ستھرا بنائیں گے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے معاونِ خصوصی و پرسنل سیکریٹری کا تقرر
انہوں نے کہا کہ صفائی ہونے سے ناصرف ماحول بہتر ہو گا بلکہ بیماریاں اور آلودگی بھی کم ہو گی، لاہور میں وزٹ کے دوران کئی گلیوں میں گندگی کی وجہ سے گزرنا مشکل تھا، لوگوں کے ساتھ پیش آنے والے حادثات میں ہونے والی نقصانات کی بہت فکر ہوتی تھی۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا ماڈل میکنزم نافذ کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی۔
انہوں نے صوبے بھر میں صفائی کا نظام آؤٹ سورس کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا۔
اجلاس میں صوبے کے ہر ڈویژن میں 23 مجوزہ لینڈ فل سائٹس کا پلان پیش کیا گیا، ساہیوال میں فنکشنل سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کا جائزہ لیا گیا، ساہیوال اور سرگودھا میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی بنانے کی تجویز دی گئی۔
علاوہ ازیں وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیمنٹ انڈسٹری میں کام کرنے والے لوگوں کو پھیپھڑوں کی بیماری ہو جاتی ہے، مزدوروں کی سیفٹی ہم سب کی ذمے داری ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ لیبر ڈپارٹمنٹس کے پاس لیباریٹریز ہیں مگر وہ معیاری نہیں، بہت سارے حکومتی اداروں میں قواعد و ضوابط کو کتابوں میں لکھ کر رکھ دیا جاتا ہے، کمپنیاں ملازمین کے سیفٹی گیئر پر خصوصی توجہ دیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ سیفٹی کٹ پہننا ہے، مقررہ اسپیڈ سے زیادہ موٹر سائیکل نہیں چلانا، میرے 3 بچے ہیں، وہ جب بھی باہر جاتے ہیں تو ان کو کہتی ہوں کہ گاڑی تیز نہ چلائیں۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ ملازمین کے لیے حفاظتی اقدامات کی فراہمی یقینی بنائیں گے، ہمیں خود بھی کام کے دوران حفاظتی اقدامات کو ترجیح دینی ہو گی۔