لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت نے رنگ روڑ منصوبے کی توسیع کی منظوری میں مبینہ بدعنوانی کے مقدمہ میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی کی اہلیہ قیصرہ الہی سمیت دیگر کی ضمانت میں 22 مارچ تک توسیع کردی ہے . اینٹی کرپشن عدالت کے جج صفدر علی بھٹی نے عبوری ضمانتوں پر سماعت کی، قیصرہ الہی، راسخ الہی اور زارا الہی نے پیش ہوکر حاضری مکمل کرائی تفتیشی افسر نے عدالت میں بیان دیا کہ ملزمان شامل تفتیش نہیں ہوئے، جس پر ملزمان کے وکیل نے بتایا کہ شامل تفتیش ہونے گئے تھے، مگر ہمیں شامل تفتیش نہیں کیا گیا.
عدالت نے تفتیشی افسر کو ہدایت دی کہ آپ تمام ملزمان کو ابھی شامل تفتیش کریں عدالتی حکم پر ملزمان کے وکلا نے تحریری شکل میں بیان تفتیشی افسر کو جمع کروا دیا عدالت نے ملزمان کی ضمانتوں میں 22 مارچ تک توسیع کردی اور آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے مکمل رپورٹ طلب کرلی. ادھرلاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے تھانہ شادمان جلاﺅ گھیراﺅ سمیت 9 مئی کے پانچ مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما اسد عمر کی ضمانت میں 20 اپریل تک توسیع کردی ہے اسد عمر عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے پر عدالت میں پیش ہوئے.
عدالت نے اسد عمر کی عبوری ضمانتوں میں 20 اپریل تک توسیع کا حکم دے دیا اور آئندہ سماعت پر وکلا کو دلائل کے لیے طلب کر لیا یاد رہے کہ اسد عمر کے خلاف تھانہ شادمان پولیس نے مقدمہ درج کررکھا ہے 7 مارچ کو لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کو تھانہ شادمان جلاﺅ گھیراﺅ کے مقدمے میں سابق وفاقی وزیر اسد عمرکی عبوری ضمانت میں 16 مارچ تک توسیع کردی تھی.
یاد رہے کہ گزشتہ برس 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاﺅن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے.