سی ٹی ڈی اور پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران اڈیالہ جیل میں حملے کا منصوبہ ناکام بنا دیاگیا،3دہشتگرد گرفتار،دہشتگردوں سے بھاری اسلحہ اور بارود کے علاوہ اڈیالہ جیل کا نقشہ اور آئی ای ڈی بھی برآمد کر لئے، تینوں کو مزید تحقیقات کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق گرفتار ہونے والے تینوں دہشتگردوں کا تعلق افغانستان سے ہے۔
سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی کا کہنا ہے کہ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں تخریب کاری کابڑامنصوبہ ناکام بنادیاگیاہے۔دہشتگردوں کے پاس ہینڈگرنیڈ سمیت جدید قسم کے خودہتھیار بھی برآمد کئے گئے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ تینوں دہشت گردوں سے مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیاگیا ہے۔
دہشتگردوں کی گرفتار کے بعداڈیالہ جیل کے اطراف میں سرچ آپریشن میں سی ٹی ڈی ،پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حصہ لیا۔
یاد رہے کہ اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی عمران خان سمیت شاہ محمود قریشی مختلف مقدمات میں سزا ہونے کے بعد قید ہیں جبکہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی بھی اس وقت اڈیالہ جیل کے قیدی ہیں جبکہ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سینٹرل جیل اڈیالہ میں اس وقت گنجائش سے دوگنا زائد قیدی موجود ہیں۔دریں اثناءکراچی میں کیماڑی کے مختلف علاقوں میں سی ٹی ڈی اور رینجرز کی جانب سے انفارمیشن بیسڈ آپریشن کیا گیا، سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے 2 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی سندھ کے مطابق ملزم جمیل اور امیر حاتم کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے، ملزم امیرحاتم کالعدم تنظیم کے دہشتگرد محمد نعیم عرف خاکسار کا بھائی ہے۔سرچ آپریشن کے دوران تلاش ایپ ڈیوائس کا استعمال کیا گیا، جبکہ آپریشن میں 30مشتبہ افراد کی تلاش ایپ کے ذریعے تصدیق کی گئی۔ ملزمان کیخلاف تھانہ سی ٹی ڈی کراچی میں مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔