انگلش کرکٹ ٹیم کے ایک اور کھلاڑی اسپنر ریحان احمد کے ویزا پر تنازع کھڑا ہو گیا اور انہیں ائیر پورٹ پر روک لیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریحان احمد کو راجکوٹ کے ائیر پورٹ پر کاغذات مکمل نہ ہونے پر روکا گیا، ریحان احمد کے پاس سنگل انٹری ویزا تھا۔
تاہم مقامی انتظامیہ کی مداخلت سے دو روز کا ویزا جاری ہوا، انگلینڈ ٹیم کی انتظامیہ کو دو روز کے اندر معاملے کو حل کرنے کا کہا گیا ہے۔
اس حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ کے آفیشل کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کو دوبارہ ویزا پراسیس کرانے کا کہا ہے۔
اس سے قبل شعیب بشیر نے ویزا ایشو پر تاخیر سے انگلینڈ ٹیم کو جوائن کیا جب کہ ریحان احمد کو پہلی مرتبہ انگلینڈ داخلے پر کسی مسئلے کا سامنا نہیں رہا تھا۔
واضح رہے کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم ابوظبی میں دس روز کی بریک کے بعد دوبارہ بھارت آرہی تھی جس وقت ریحان احمد کو روک لیا گیا۔
بھارت اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا ٹیسٹ میچ جمعرات سے راجکوٹ میں کھیلا جائے گا۔