ٹجک چین کے صدرشی جن پنگ نے وزیراعظم محمد شہبازشریف کو ان کی سالگرہ پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ میں آپ کے ساتھ مل کر چین پاکستان سٹرٹیجک تعاون کے فروغ اور سی پیک کی تعمیر کیلئے کام کرنے کا خواہاں ہوں، چینی صدر نے کہا کہ پاکستان اور چین سٹریٹجک شراکت دار ہیں، دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے پر بھروسہ کیا اور ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا،ہمارے تعلقات پر بدلتا ہوا بین الاقوامی منظر نامہ کبھی اثرانداز نہیں ہوا ۔
پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جار ی بیان کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ نے وزیراعظم محمد شہبازشریف کو ان کی سالگرہ پر تہنیتی خط ارسال کیا ہے۔
چینی صدر کی جانب سے خصوصی طور پر بھیجا گیا یہ خط پاک چین سفارتی تعلقات کی مضبوطی کی جانب ایک غیر معمولی پیش رفت ہے۔ خط میں چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا کہ آپ کی سالگرہ پرآپ کو مبارکباد اور آپ کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔
پاکستان اور چین کٹھن اور اچھے وقتوں کے اسٹریٹجک تعاون کے شراکت دار ہیں۔تاریخ گواہ ہے کہ دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے پر بھروسہ کیا اور ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔ دونوں ممالک کے مابین ایسا مضبوط رشتہ قائم ہوا جس پر بدلتا ہوا بین الاقوامی منظر نامہ کبھی اثرانداز نہیں ہوا۔ رواں برس جون میں آپ نے چین کا کامیاب دورہ کیا جس میں ہمارے مابین خوشگوار تبادلہ خیال ہوا اور متعدد امور پر اتفاق ہوا۔
چین پاکستان تعلقات کی مضبوطی میرے لئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ آپ کے ساتھ مل کر چین پاکستان اسٹرٹیجک تعاون کے فروغ اور سی پیک کی تعمیر کیلئے کام کرنے کا خواہاں ہوں۔ خط میں چینی صدر نے کہا کہ آپ کے ساتھ مل کر متعدد شعبوں میں تعاون اور اس جدید دور میں چین و پاکستان کے لوگوں کے مابین گہرے تعلقات سے ایک مشترکہ مستقبل کیلئے کام کرنے کا خواہاں ہوں۔ آپ کے لئے اچھی صحت اور ہر قدم کامیابی کی تمنا ہے۔