پاکستان کرکٹ بورڈ ، ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے تعاون سے 10 اکتوبر سے ملک بھر میں پی سی بی ، ایچ ای سی انٹرورسٹی ٹورنامنٹس کے افتتاحی ایڈیشن کی میزبانی کرے گا۔ترجمان پی سی بی کے مطابق ایونٹ میں مردوں اور خواتین ٹیموں کے الگ الگ ٹورنامنٹس ہوں گے۔ 40 اوورز کا خواتین کا ٹورنامنٹ 10 اکتوبر سے شروع ہوگا۔
ٹورنامنٹ میں 25 یونیورسٹیز کی ٹیمیں حصہ لیں گی جنہیں پانچ زونز میں تقسیم کیا جائے گا۔ مناسب وقت پر شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔مردوں کا ٹورنامنٹ 50 اوورزکے فارمیٹ میں کھیلا جائے گا جو 15 اکتوبر سے شروع ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں کل 127 یونیورسٹیز کی ٹیمیں حصہ لیں گی ۔ ملک کے 43 مقامات پر 212 میچز کھیلے جائیں گے۔
ٹیموں کو 14 زونز میں تقسیم کیا جائے گا۔
مردوں کے ٹورنامنٹ کے دوسرے مرحلے میں 14 زونز سے ایک ایک فاتح اور ایچ ای سی انٹرورسٹی ٹورنامنٹ کے آخری ایڈیشن کی 4سیمی فائنلسٹ ٹیمیں شرکت کریں گی۔ ترجمان پی سی بی کے مطابق دوسرے مرحلے کی تفصیلات کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔مردوں اور خواتین کے دونوں ٹورنامنٹ پی سی بی اور ایچ ای سی کے درمیان گزشتہ ماہ اسلام آباد میں دستخط کیے گئے ایم او یو کا حصہ ہیں جس کا مقصد یونیورسٹی کے طلبا کو اپنی کرکٹ کی مہارت کو دکھانے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے ۔
مردوں کے انٹرورسٹی ٹورنامنٹ میں سرفہرست پرفارمرز کو 2024-25 کے سیزن میں پی سی بی کے زیر اہتمام ٹورنامنٹس میں ایچ ای سی کی طرف سے کھیلنے کے مواقع دستیاب ہوں گے۔ اس کے علاوہ، ایم او یو کے مطابق ٹورنامنٹس کے اعلی کارکردگی دکھانے والے اپنی متعلقہ یونیورسٹی سے اسکالرشپ حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز پی سی بی عبداللہ خرم نیازی کا کہنا ہے کہ ہم انٹرورسٹی ٹورنامنٹ شروع کرنے کے لیے ایچ ای سی کے ساتھ پارٹنرشپ کے لیے پرجوش ہیں۔
نوجوان کرکٹرز کے لیے قومی اسٹیج پر اپنی یونیورسٹیوں کی نمائندگی کرنے کا یہ ایک منفرد موقع ہے اور بہت سے لوگوں کے لیے یہ پیشہ ورانہ کرکٹ کیریئر کی جانب پہلا قدم ہو سکتا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ ٹورنامنٹ پاکستان کرکٹ کے لیے شاندار ٹیلنٹ پیدا کرے گا۔