پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد جلسے کے پیش نظر پولیس نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاریاں شروع کردیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی رہنما محمود الرشید کے بیٹے ڈاکٹر حسن محمود کو حراست میں لے لیا گیا، ڈاکٹر حسن محمود کو اسلام آباد میں داخلے کے وقت حراست میں لیا، ڈاکٹر حسن محمود اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اسلام آباد سنگجانی جلسہ گاہ جا رہے تھے، جس پر پولیس نے انھیں حراست میں لیا، جس کے بعد انہیں تھانہ سنگجانی منتقل کر دیا گیا۔
بتایا جارہا ہے کہ اسلام آباد کے علاقہ سنگجانی میں پی ٹی آئی کے جلسے کی تیاریاں مکمل ہیں، جلسے کے لیے اسٹیج تیار کر لیا گیا اور کرسیاں بھی لگا دی گئی ہیں، تحریک انصاف کے کارکنان قافلوں کی شکل میں جلسہ گاہ پہنچ رہے ہیں، تاہم جلسے کو روکنے کے لیے انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی کو ملانے والی تمام مرکزی شاہراہیں اور چھوٹے بڑے راستوں کو کنٹینرز لگا کر اور بڑی رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کر دیا گیا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ پی ٹی آئی کے جلسے کے باعث اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر ضلع بھر میں سکیورٹی ریڈ الرٹ کر دی گئی، امن وعامہ کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے مختلف مقامات پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں، ، جلسے کی سکیورٹی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے راولپنڈی اسلام آباد میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے سنگجانی میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے پیشِ نظر میٹرو بس سروس مکمل بند کردی گئی، اسلام آباد میں پی ٹی آئی جلسہ گاہ کے قریب ہوٹل بند کرواتے ہوئے شرکاء کو کھانا و رہائش دینے پر پابندی عائد کردی گئی۔
بتایا گیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کے علاقہ سنگجانی میں آج ہونے والے پی ٹی آئی کے جلسے کے پیشِ نظر جلسہ گاہ کے اطراف تمام ہوٹل، دکانیں اور گیسٹ ہاؤس بند رکھنے کا حکم دے دیا گیا، اس سلسلے میں سنگجانی پولیس کی جانب سے 7 سے 9 ستمبر تک سنگجانی میں ہوٹل، گیسٹ ہاؤس اور ریسٹورنٹ بند رکھنے کے آرڈر جاری کیے گئے، تحریک انصاف جلسہ گاہ کے اطراف ہوٹل اور دکانیں بند کرنے کا نوٹس بھی جاری کردیا گیا، جس کے تحت کسی بھی شخص کو رہائش، کھانا یا کسی قسم کا سامان نہیں دیا جائے گا، تھانہ سنگجانی کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی شخص کو رہائش، کھانا یا کوئی اور سہولت فراہم نہ کی جائے، خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔