وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں خواتین، ٹرانس جینڈر کمیونٹی سمیت تمام نظر انداز طبقات کو ہر شعبہ زندگی میں ترقی کے نمایاں مواقعوں کی فراہمی کے لئے ضرورت سے ہم آہنگ پالیسیوں کی تشکیل اور عمل درآمد پر کام جاری ہے بینظیر بھٹو اسکالرشپ میں خواتین ، اقلیتوں اور ٹرانس جینڈر کے لئے خصوصی کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی اور کمیشن آن اسٹیٹس آف ویمن بلوچستان کی چئیرپرسن فوزیہ شاہین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وزیر اعلٰی بلوچستان نے کہا کہ فیصلہ سازی کے عمل میں خواتین کی موثر شمولیت کے لیے پرعزم ہیں ۔بلوچستان کابینہ میں بھی خواتین اراکین کو اہم ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں۔
ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کی مختلف محکموں میں غیر معمولی خدمات کے پیش نظر انہیں تمغہ امتیاز کے لئے نامزد کیا گیا ہے اور ہمیں ڈاکٹر ربابہ بلیدی جیسی باصلاحیت پارلیمنٹرین پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کم عمری کی شادی سمیت انسانی حقوق سے متعلق بلوچستان اسمبلی میں زیر التواء قانون سازی پر پیش رفت تیز کی جائے گی ان امور میں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کی ذمہ داری لگائی ہے کہ وہ پیش رفت کا جائزہ لینے اور قانون سازی سے متعلق اتفاق رائے اور ہم آہنگی کے قیام کے لئے رابطہ کاری میں لیڈ لیں۔
اس موقع پر وزیر اعلٰی میر سرفراز بگٹی نے احکامات جاری کئے کہ جیلوں میں قید خواتین قیدیوں کو تولیدی صحت سے متعلق درکار ضروری اشیاء کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایک باشعور خاتون ہی ایک باشعور خاندان کی بنیاد ہے لہذا بلوچستان کی خواتین کو معاشی و اقتصادی ترقی اور فیصلہ سازی کے عمل میں موثر نمائندگی کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔