پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے غیر قانونی سمز کی بندش کے دوسرے مرحلے کا آغاز کر دیا۔
ایک بیان میں پی ٹی اے کے حکام کا کہنا ہے کہ جس کے شناختی کارڈ کی مدت 2017ء سے پہلے مکمل ہو چکی اور تجدید نہیں کروائی، ان کی سمز کی بندش شروع کر دی ہے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ شہری سمز کی بندش سے بچنے کے لیے شناختی کارڈز کی تجدید کروائیں، پہلے مرحلے میں جعلی سمز اور کینسل ہونے والے شناختی کارڈز پر سمز بند کی گئیں۔
حکام نے کہا کہ 16 اگست سے لے کر اب تک 69 ہزار سے زائد غیرقانونی سمز بند کی گئیں، نادرا سے حاصل ڈیٹا کی بنیاد پر غیرقانونی سمز کو بند کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ تیسرے مرحلے میں فوت شدہ افراد کے نام پر رجسٹرڈ سمز کو بند کیا جائے گا، موبائل سمز کی بندش سے قبل صارفین کو آگاہی پیغامات بھجوائے جا رہے ہیں۔
پی ٹی اے نے کہا کہ جعلی سمز مختلف غیرقانونی سرگرمیوں میں استعمال کی جا رہی ہیں، غیرقانونی سمز دہشت گردی، مالیاتی فراڈ اور دیگر سرگرمیوں میں استعمال کی جاتی ہیں۔