بنگلہ دیش کے کپتان نجم الحسین شانتو نے پاکستان کے خلاف راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہونے والے سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان کی اننگز کا مایوس کن آغاز ہوا اور صفر پر ہی پلا کھلاڑی پویلین لوٹ گیا، اوپنر بلے باز عبداللہ شفیق پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے۔
تفصیلات کے مطابق میچ میں ٹاس صبح 9 بجکر 15 منٹ پر ہوا، پاکستان نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی کی جگہ ابرار احمد اور میر حمزہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جب کہ پاکستان کی پلیئنگ الیون میں کپتان شان مسعود ، سعود شکیل ، عبداللہ شفیق ، بابر اعظم ، محمد رضوان ، ابرار احمد ، محمد علی ، میر حمزہ ، صائم ایوب ، سلمان علی آغا اور خرم شہزاد شامل ہیں۔
اسی طرح بنگلہ دیش نے بھی ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، شریف الاسلام کی جگہ تسکین احمد کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے، مہمان ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں کپتان نجم الحسن شانتو ، شادمان اسلام ، ذاکر حسن ، مومن الحق ، مشفق الرحیم ، شکیب الحسن ، لٹن داس ، مہدی حسن میراز ، تسکین احمد، حسن محمود اور ناہید رانا شامل ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ ٹیسٹ کے پہلے روز کا کھیل بارش کی نذر ہو گیا تھا ، مہمان ٹیم بنگلہ دیش کو 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے، بنگال ٹائیگرز نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی، دونوں ملکوں کی یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔