پاکستان تحریک انصاف میں اندرونی اختلافات کے خاتمے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات کے خاتمے کیلئے تشکیل شدہ کمیٹی کے سربراہ سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی ہوں گے، عارف علوی ایک ہفتے میں اندرونی اختلافات کے خاتمے کیلئے تجاویز دیں گے، اس سلسلے میں عارف علوی اختلافات رکھنے والے رہنمائوں سے ملاقاتیں کرکے ان کے تحفظات سنیں گے، جس کے بعد عارف علوی کی سربراہی میں تشکیل دی گئی کمیٹی ایک ہفتے میں پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات کے خاتمے کے لیے اپنی تجاویز دے گی۔
بتایا جارہا ہے کہ پی ٹی آئی خیبر پختونخوا میں سابق صوبائی وزیر شکیل خان کو وزارت سے ہٹانے کے معاملے پر پارٹی میں اختلافات سامنے آئے، پاکستان تحریکِ انصاف خیبر پختونخوا میں اختلافات پر پارٹی قائد عمران خان برہم ہو ئے، ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت نے بانی پی ٹی آئی کو عاطف خان اور جنید اکبر سے متعلق شکایت کی، جس کے بعد بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے اراکینِ قومی اسمبلی عاطف خان اور جنید اکبر کو جیل میں طلب کیا، دونوں اراکینِ اسمبلی کی آئندہ ہفتے عمران خان سے ملاقات کا امکان ہے، مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پارٹی میں گروپ بندی کا تاثر دینے پر تشویش کا اظہار کیا ہے، جس کے نتیجے میں بانی پی ٹی آئی نے عاطف خان اور جنید اکبر کو اڈیالہ جیل بلایا۔