پنجاب حکومت نے صوبے اور اسلام آباد کے صارفین کےلیے 14 روپے فی یونٹ ریلیف کےلیے 5 بجلی کمپنیوں کو خطوط ارسال کردیے۔
ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر 5 بجلی کمپنیوں کو خطوط بھجوائے گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق خطوط اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ملتان کی ڈسکوز کو بھجوائے گئے ہیں۔
خط میں حکومتی پیکیج کی رقم سے 14 روپے فی یونٹ کمی سے متعلق آگاہ کیا اور کہا کہ بجلی کی اصل لاگت اور ریلیف کے درمیان رقم پنجاب حکومت ادا کرے گی۔
ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب کے مطابق خطوط میں آئیسکو، میپکو، گیپکو، فیسکو، لیسکو سے کہا ہے کہ وہ 201 سے 500 یونٹ والے شہریوں کے بلوں میں کمی کریں۔
خط میں مزید کہا گیا کہ بجلی کمپنیوں کی جانب سے تقاضے پر پنجاب حکومت مطلوبہ رقم ڈسکوز کو منتقل کردے گی۔
ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق پنجاب اور اسلام آباد کے عوام کو ریلیف کےلیے صوبائی حکومت 45 ارب اپنے وسائل سے فراہم کرے گی۔
ترجمان کے مطابق اگست اور ستمبر میں 201 سے 500 یونٹ استعمال کرنے والوں کےلیے بجلی کی قیمت کم کی گئی ہے۔