ڈیفنس میں اداکارہ نمرہ خان کو مبینہ طور پر اغوا کیے جانے والے کیس کا ڈراپ سین ہوگیا۔ایس ڈی پی او درخشاں منیشا روپیتا نے تفتیش سے متعلق ویڈیو بیان میں ماڈل کو اغوا نہیں بلکہ ہراساں کیے جانے کا انکشاف کیا ہے۔اداکارہ کے ویڈیو بیان کے بعد ڈی آئی جی سائوتھ اور ایس ایس پی سائوتھ نے واقعے کا نوٹس لے کر تحقیقات کا حکم دیا جس کے بعد ڈی ایس پی درخشاں نے واقعے کے تفتیش کی۔
پولیس افسر منیشا روپیتا نے کہاکہ تفتیش میں یہ بات واضح ہوگئی کہ ملزم ایک ہی تھا جو کہ موٹر سائیکل پر سوار تھا اور ملزم کے ساتھ کوئی اور فرد نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ یہ اغوا کا نہیں بلکہ ہراسانی کا وقعہ تھا اور حالیہ دنوں میں خواتین کو ہراساں کیے جانے کے دو واقعات سامنے آئے تھے اور دونوں واقعات کے ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔منیشا روپیتا کے مطابق نمرہ خان کیس کے ملزم کا روٹ میپ تیار کرلیا گیا ہے، تلاش جاری ہے اور جلد ملزم پولیس کی گرفت میں ہوگا۔اداکارہ نمرہ خان نے کہاکہ وہ پولیس کی کارکردگی سے انتہائی مطمئن ہیں، پولیس نے دن رات کوشش کرکے تفتیش کی اور شواہد اکٹھا کیے۔