وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑکا کہنا ہے کہ پاکستان کے دروازے دنیا کیلئے کھولے جا رہے ہیں،126 ممالک سے پاکستان آنے والے سیاحوں کیلئے ویزا فیس ختم کردی گئی ہے، ای ویزا پالیسی بھی متعارف کروائی گئی ہے یہ ویزا پالیسی آج رات سے نافذالعمل ہوگی،اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے مزید کہا کہ گلف ممالک کے سیاحوں کو ویزا آن ارائیول ہوگا۔
خلیجی ممالک کے رہائشی صرف پاسپورٹ لے کر پاکستان آئیں گے تو فوری ویزا جاری کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اب 126 ممالک کے سیاح ایک فارم کے ذریعے ویزا لے سکتے ہیں۔ فارم میں صرف 30 سوالات درج کئے گئے ہیں۔ سیاحوں کو تین ماہ کیلئے ویزا جاری کیا جائے گا۔
سیاح آتے ہیں تو پاکستان کی خوبصورتی دیکھ کر حیران ہوتے ہیں۔ پاکستان دیگر ممالک کیلئے ویزا پالیسی میں نرمی کررہا ہے۔
ہر طرف سے اچھی خبریں آرہی ہیں۔ملکی معیشت کے حوالے سے بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے ۔ وزیراعظم کی کوششوں کے باعث غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے پر آمادہ ہوئے ہیں ۔ معیشت کے اشارئیے بہتری کی جانب گامزن ہیں ۔گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تار ڑ کا مزید کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے یوم آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کردیا۔
ارشد ندیم کے گولڈ میڈل جیتنے پر پوری قوم خوش ہے۔پاکستان کا 40 سال بعد ایسا اعزاز حاصل کرنا خوشی کا مقام ہے۔ ارشد کی کامیابی کے ساتھ ان کے کوچ بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم کی فیملی کو پروٹوکول کے ساتھ ملتان ایئر پورٹ سے لایا گیا ہے۔ ارشد ندیم پاک فضائیہ کے خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد پہنچ رہے ہیں ۔ کابینہ کے ارکان اپنے قومی ہیرو کا بھرپور استقبال کریں گے۔
وزیر اطلاعات ونشریات نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اپنے قومی ہیرو ارشد ندیم کے گھر گئیں اور انہیں انعامات سے نواز ہے۔ ارشد ندیم کی زندگی لاکھوں نوجوانوں کیلئے مشعل راہ ہے۔ مریم نواز نے ارشد ندیم کی والدہ کو گلے لگا کر مبارکباد دی۔ انہوں نے قومی ہیرو کو گاڑی اور 10کروڑ روپے کا تحفہ دیا۔ارشد ندیم کی وجہ سے پوری دنیا میں سبز ہلالی پرچم بلند ہوا۔ارشد ندیم نے یوم ا?زادی کی خوشیوں کو دوبالا کردیا ہے۔