وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور وفاقی وزیر نجکاری و سرمایہ کاری بورڈ اور مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ سرمایہ کاری کے لئے حکومت نجی اداروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی، چین اور پاکستان مختلف مصنوعات میں ایک دوسرے کے لئے بڑی مارکیٹ ثابت ہو سکتے ہیں۔ اتوار کو 9ویں پاکستان فٹ وئیر، میٹریل اینڈ مشینری شو 2024 کے افتتاح میں شرکت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان مختلف مصنوعات میں ایک دوسرے کے لئے بڑی مارکیٹ ثابت ہو سکتے ہیں، وفاقی وزیر کامرس جام کمال خان نے 9ویں فٹ وئیر شو کے انعقاد اور کمپنیوں کی بھر پور شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ مینوفیکچر انڈسٹری زیادہ اہمیت کی حامل ہے، وزارت تجارت مکمل سپورٹ کرے گی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر نجکاری و سرمایہ کاری عبدالعلیم خان نے کہا کہ سرمایہ کاری کے لئے حکومت نجی اداروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی، لیدر انڈسٹری، فٹ وئیر اور سپورٹس گڈز کی ایکسپورٹ میں خاطرخواہ سکوپ ہے، چین کی کمپنیوں کو پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی ترغیب دے رہے ہیں،پاکستانی کمپنیوں اور چینی اداروں کی دو طرفہ شراکت اور سرمایہ کاری کا آغاز ہو چکا ہے، 1400 کمپنیاں سرگرم عمل ہیں، پاکستانی کمپنیوں کو اپنی مصنوعات کو زیادہ سے زیادہ ایکسپورٹ کرنا چاہیے، برانڈز کو احسن انداز میں مارکیٹ کریں، بہتر سے بہتر امیج سامنے لائیں، ہمیں مقابلے کی فضاء، عالمی معیار اور جدید رحجانات کو سامنے رکھنا ہو گا۔
اس موقع پر بی ٹو بی اجلاسوں کا انعقاد کے علاوہ پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے مابین نئے معاہدے اور اہم پیش رفت بھی ہوئی۔ وفاقی وزراء عبدالعلیم خان اور جام کمال خان کی فٹ وئیر شو میں شریک کمپنیوں کو حکومت کی مکمل مدد کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر چین کی شوز ٹینری ایسوسی ایشن نے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزراء عبدالعلیم خان اور جام کمال خان کو دورہ چین اور کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔