وفاقی وزیر برائے دفاع و دفاعی پیداواراورہوابازی ،خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ 5 اگست کا ایکٹ کسی طور پر قابل قبول نہیں ہے نہ ہوگا، کشمیر کی آزادی کیلئے پاکستان فرنٹ لائن پر کھڑا ہے۔مقبوضہ کشمیر یوم استحصال کے موقع پراپنے پیغام میں انہوںنے کہاکہ ہندوستان کو تاریخ سے ایک یاد دہانی کی ضرورت ہے کہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے۔
جو اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر برقرار ہے اور ا س کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد میں مضمر ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان ہمیشہ IIOK کے لوگوں کو ان کے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے ان کی منصفانہ جدوجہد میں ہر ممکن مدد فراہم کرتا رہے گا۔
انہوںنے کہاکہ پاکستان عالمی برادری سے بھی مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بھارت کو کشمیری عوام پر جاری مظالم اور IIOK کے آبادیاتی ڈھانچے کو غیر قانونی کوششوں سے روکنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔
انہوںنے کہاکہ پاکستان علاقائی امن و استحکام کا حامی ہے۔انہوںنے کہاکہ ہم کسی بھی جارحانہ عزائم کو ناکام بنانے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں اور ہم نے ماضی قریب سمیت متعدد مواقع پر اس سلسلے میں اپنے عزم اور صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہم عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجھوڑتے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالیاں کر رہا ہے، بیگناہ و نہتے خواتین و بچے، بوڑھے، نوجوان شہید ہورہے ہیں۔
عالمی برادری بھارت پر دباو ڈالے، اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دیا جائے اور انسانی حقوق کی پامالیوں کو روکنے اور5 اگست کے غیر قانونی ایکٹ کو ہٹا کر کشمیر کی پرانی حیثیت کے مطابق بحال کیا جائے۔