وفاقی وزیرعبدالعلیم خان کی زیر صدارت پرائیوٹائزیشن کمیشن بورڈ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں نجکاری کے مختلف اہم امور سے متعلق فیصلوں کی منظوری دی گئی،اعلیٰ سطحی اجلاس میں نجکاری بورڈ کی ڈسکوز کی پرائیوٹائزیشن کی منظوری اور فنانشل ایڈوائزر لگانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ہفتہ کے روز جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر برائے نجکاری عبدالعلیم خان نے کہا کہ اداروں کی شفاف اور جلد از جلد نجکاری کو یقینی بنایا جائے گا۔
ملکی معیشت کی مضبوطی اور بحالی کے لئے پرائیوٹائزیشن کا عمل بہت اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کو منتقل ہونے والے اداروں کو منافع بخش بنانے کے مضبوط امکانات ہیں۔پی آئی اے کی نجکاری کیلئے نجی شعبے کی سنجیدگی کو مدنظر رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ نجکاری کے اہداف بروقت حاصل کریں ، حتمی منظوری سی سی او پی دے گی۔پرائیوٹائزیشن کمیشن بورڈ کو پی آئی اے کی نجکاری کے عمل کو آگے بڑھانے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جنوری 2025 تک قانونی مراحل مکمل کر کے پہلے مرحلے میں 3 ڈسکوز کی نجکاری ہو گی۔اجلاس میں پرائیوٹائزیشن کمیشن بورڈ کے ممبران کا مختلف معاملات پر اظہار رائے اور مجموعی عمل پر اظہار اطمینان کیا گیا۔وفاقی سیکرٹری پرائیوٹائزیشن اور کمیشن کے ممبران سمیت سینئر افسران کی بورڈ اجلاس میں شرکت و فیصلوں کی منظوری دی گئی۔