وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ٹیوٹا پراجیکٹس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دینے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیرِاعلیٰ مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت اجلاس ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (TEVTA) میپنگ پلان کو حتمی شکل دینے کیلئے سفارشات کا جائزہ لیا گیا، اس دوران صوبائی حکومت نے ٹیوٹا اداروں میں مارکیٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق جدید کورسز پڑھانے کا فیصلہ کیا، ٹیوٹا اداروں میں کورین، جاپانی، جرمن، چینی اور عربی لینگویج کورسز بھی متعارف کرانے کی منظوری دے دی گئی ہے، انٹرنیشنل مارکیٹ میں سکلڈ جاب کے لیے پنجاب اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹنگ اتھارٹی کے قیام کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں لارج سکیل کنسٹرکشن ڈیویلپرز کے تعاون سے ہیوی مشینری ڈرائیونگ/آپریٹر کورس کی آؤٹ سورسنگ کا فیصلہ ہوا، وزیرِاعلیٰ مریم نواز شریف نے 9 شہروں میں 45 ویلڈنگ ورک شاپس بنانے کی منظوری دے دی، گوجرانوالہ، ساہیوال، بہاولپور، ملتان، اٹک، ٹیکسلا، لیہ اور میانوالی میں ویلڈنگ اور کنسٹرکشن کورس کی جدید ترین لیب قائم کرنے کی منظوری دی گئی ہے، ٹیوٹا میں ہیومن ریسورس کی کمی دور کرنے کے لیے ایک ہزار ملازمین کو بھرتی کرنے کی تجویز پر اتفاق ہوا۔
معلوم ہوا ہے کہ اجلاس میں، پریکٹیکل ٹریننگ کیلئے ٹریننگ میٹیریل کی خریداری کے بجٹ کو بڑھانے کی تجویز سامنے آئی، ٹریننگ مٹیریل کا ماہانہ بجٹ 2 ہزار روپے فی طالب علم کرنے کی تجویز بھی دی گئی، وزیراعلیٰ نے اساتذہ کی بائیو میٹرک حاضری یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کا حکم دیا، نئے کورسز میں بلڈنگ، ٹیکسٹائل، گارمنٹس، ٹورازم، ہاسپٹلٹی، انفارمیشن کمیونیکیشن اینڈ ٹیکنالوجی، آٹو موبائل اسمبلنگ اور ریپیئرنگ شامل ہیں، فوڈ پروسیسنگ، بائیو میڈیکل ٹیکنالوجی، لائٹ انجینئرنگ، ری نیو ایبل انرجی، سرجیکل انسٹرومنٹ کی پروفیشنل ٹریننگ بھی دی جائے گی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اقتصادی ترقی اور بے روزگاری کو کم کرنے میں ٹیکنیکل ٹریننگ کورسز میں جدت وقت کی ضرورت ہے، انٹرن شپ، اپرنٹس شپس اور ملازمت کے حصول میں معاونت کے لیے معروف صنعتوں کے ساتھ شراکت داری قائم کریں، پنجاب میں مضبوط فنی تعلیم کا ماڈل نظام بنانے میں کامیاب ہوں گے۔