وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کامونکی کے نزدیک جی ٹی روڈ پر ڈکیتی کے دوران نوعمر لڑکی سے زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لے لیا ۔ ترجمان کے مطابق چار روز قبل جی ٹی روڈ پر ڈکیتی کے دوران 14 سالہ لڑکی سے زیادتی کے معاملے میں وزیراعلی مریم نواز کی ہدایت پر چیئرپرسن پنجاب وومن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ متاثرہ لڑکی کے گھر گئیں۔
انہوں نے متاثرہ لڑکی و اہلخانہ سے ملاقات کی اور انصاف کی یقین دہانی کروائی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہمیں دکھ ہوتا ہے جب کسی عورت کو زیادتی کا نشانہ بنایا جاتا ہے، ہمارے معاشرے میں عورت کے معاملات میں رواداری صفر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی کا کہنا ہے کہ عورت ہماری ریڈ لائن ہے لہذا ملزمان کو 24 گھنٹوں میں گرفتار کرلیا جائیگا اور انہیں عبرت کا نشان بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلی کا ویژن پنجاب کی تمام بچیوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے، اگر ایسے ملزمان کو سخت سزا نہ دی گئی تو ہماری بچیاں جنسی تشدد سے محفوظ نہیں رہیں گی۔ واضح رہے کہ متاثرہ14 سالہ لڑکی چند دن قبل اپنے رشتہ دار کے ہمراہ موٹرسائیکل پر جی ٹی روڈ پر سفر کر رہی تھیں جنہیں چیانوالی کے نزدیک موٹر سائیکل سوار دو ڈاکوئوں نے روکا اور نقدی چار ہزار روپے چھین لئے جبکہ ایک ڈاکو نے لڑکی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بھی بنایا ۔پولیس نے متاثرہ لڑکی کے بھائی کی درخواست پر ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔