پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء رانا تنویرحسین نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے 2014کے دھرنے میں جو کچھ کیا اسی وقت ایکشن لینا چاہیے،عمران خان ملک کے خلاف ایجنڈے پر چل رہے ہیں،اتحادی جماعتوں کی مشاورت کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتے،پابندی کا ریفرنس سپریم کورٹ میں جائے گا۔ انہوں نے اے آروائی نیوز کے پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگانے اور آرٹیکل 6کے تحت کاروائی کی بات ہورہی ہے تو میرا ذاتی بھی خیال ہے، 2014 میں پی ٹی آئی نے 126دن کا دھرنا اور جو کچھ ہوا، ہماری حکومت تھی ہمیں ایکشن لینا چاہیے تھا، اور کاروائی کرنی چاہیے تھی، دنیا میں جہاں بھی سول نافرمانی ہوتی ہے کہ ٹیکس نہ دیا، بجلی کے بل جلائے ، کہا گیا کہ ہنڈی کے ذریعے پیسے لائے جائیں، پی ٹی وی پر حملہ کیا گیا، یہ سب اسی وقت کاروائی ہونی چاہیئے۔
پی ٹی آئی پاکستان کے خلاف ایجنڈے پر چل رہے ہیں، 9مئی حملہ سے کڑیاں ملا کر دیکھ کہ وہ پاکستان کو دن بدن نیچے لے کر جارہے تھے۔ تحریک عدم اعتماد دیکھ لیں جس طرح آئین کا کھلواڑ کیا گیا ، اس پر سیدھا سیدھا آرٹیکل 6لگتا ہے، پابندی کے معاملے پر سیخ پا ہونے کی کیا ضرورت ہے؟انہوں نے کہا کہ پاکستا ن ہمارے خمیر میں شامل ہے، ہم نے پاکستان کیلئے قربانیاں دیں، پیپلزپارٹی ہماری اتحادی جماعت ہے ، مشاورت کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتے۔
پابندی کا ریفرنس سپریم کورٹ میں جائے گا، پھر سپریم کورٹ نے فیصلہ کرنا ہے۔مزید برآں پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء طلال چودھری نے جیونیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ میں چھٹیاں ہوتی ہیں لیکن پھر بھی سپریم کورٹ اپنا کام جاری رکھتی ہے، اس کا فیصلہ سپریم جوڈیشل کونسل نے کرنا ہے،یہ نہیں ہونا چاہیے کہ ادھر ایڈہاک ججز کے نام آئیں اور ان کے خلاف مہم شروع ہوجائے۔
اکتوبر میں ظاہر ہے کہ نئے چیف جسٹس آئیں گے اسی لئے پی ٹی آئی کررہی ہے، ہماری حکومت نے بنچ بنانے اور اپیل کے طریقے پر ترمیم کی، پی ٹی آئی نے اس کی مخالفت کی۔ثاقب نثار اور بعد کے چیف جسٹس نے جس طرح کے فیصلے کئے اور بنچز بنائے اس کا غریب کے چولہے تک اثر پڑا ہے۔ ثاقب نثار اور پچھلے چیف جسٹس بنچ بھی نہیں بدلتا تھا فل کورٹ بنانا تو دور کی بات ہے۔
ملک میں دن دیہاڑے کیمروں کے سامنے 9مئی حملے ہوئے، جو لوگ ملوث ہیں ان کو سزا دینی چاہیے، سائفر لہرایا، فارن فنڈنگ ہے لیکن کوئی سز انہیں، ہم چاہتے ہیں ترازو کو برابر پکڑیں ایک جیسا سلوک ہونا چاہئے، عدلیہ میں جب تک ثاقب نثار کے سائے رہیں گے سیاسی عدم استحکام موجود رہے گا، جس سے معاشی استحکام کبھی نہیں آئے گا، جس دن استحکام آنے لگتا ہے پھر ایسا فیصلہ آتا ہے کہ اسٹاک ایکسچینج سے لے رہر چیز عدم استحکام کا شکار ہوجاتا ہے۔