جامشورو پولیس اسٹیشن کے مال خانے میں دھماکا ہوا ہے۔
ایس ایس پی جامشورو محمد طارق نواز کے مطابق جامشورو پولیس اسٹیشن کے مال خانے میں دھماکا گرمی کے سبب ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مال خانے میں دھماکے کے نتیجے میں 2 اے ایس آئی، 5 اہلکار اور 1 ملزم زخمی ہوا ہے۔
ایس ایس پی جامشورو محمد طارق نواز نے بتایا ہے کہ تمام زخمیوں کو سول اسپتال حیدر آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جامشورو تھانے کے مال خانے میں دھماکے سے دیوار اور چھت کا ایک حصہ بھی گر گیا ہے۔
’گرمی کی شدت سے ہینڈ گرنیڈ پھٹا‘
ڈی آئی جی طارق نواز کا کہنا ہے کہ جامشورو تھانے کے مال خانے میں گرمی کی شدت سے ہینڈ گرنیڈ پھٹ گیا، دھماکے سے 4 اہلکار زخمی ہوئے جبکہ 2 کی حالت تشویش ناک ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 2 اہلکاروں کو کراچی کے اسپتال منتقل کر رہے ہیں۔
وزیرِ داخلہ سندھ نے دھماکے کی تفصیلات طلب کر لیں
دوسری جانب وزیرِ داخلہ سندھ نے ایس ایس پی جامشورو سے دھماکے کی تفصیلات طلب کر لیں۔
وزیرِ داخلہ کا کہنا ہے کہ زخمی پولیس اہلکاروں کو بہتر اور معیاری طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔