دبئی سے کولمبو جانے والی فلائی دبئی کی کراچی ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کے دوران غیرمتوقع طور پر پاکستان پہنچ جانے پر پرواز میں موجود اسرائیلی شہری پریشان ہوگئے تھے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق غیرملکی ائیرلائن نے 10 جولائی کو مسافر کی طبیعت خراب ہونے پر ہنگامی لینڈنگ کی اجازت مانگی، میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کرنے والی پرواز میں اسرائیلی شہریوں کی موجودگی کاعلم نہیں۔
ترجمان نے بتایاکہ پرواز میں موجود اسرائیلی شہریوں کے بارے میں کوئی ہدایت بھی موصول نہیں ہوئی تھی، پرواز میں جس خاتون مسافر کی طبیعت خراب ہوئی وہ سری لنکن تھیں، سری لنکن خاتون مسافر کا دوران پرواز طبیعت خراب ہونے سے انتقال ہوگیا تھا۔
ترجمان کا کہنا تھاکہ ڈاکٹر کی جانب سے موت کی تصدیق کے بعد خاتون کی میت سرد خانے بھیج دی گئی، اس دوران فلائی دبئی کے طیارے سے کوئی مسافر باہر نہیں آیا تھا، ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے پر فلائی دبئی کا طیارہ کولمبو کیلئے پرواز کر گیاتھا۔
غیر ملکی پرواز میں خاتون مسافر کا انتقال، طیارے کی کراچی میں ہنگامی لینڈنگ
ذرائع کے مطابق میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کرنے والی پرواز میں دو اسرائیلی شہری بھی سوار تھے، غیرمتوقع طور پر پاکستان پہنچ جانے پر پرواز میں موجود اسرائیلی شہری پریشان ہوگئے اور انہوں نے اسرائیل میں حکام سے رابطہ کر کے صورتحال سے آگاہ کیاتھا۔
ذرائع نے بتایاکہ اسرائیلی شہریوں نے کولمبو پہنچ کر سوشل میڈیا پر پوسٹ میں پاکستان جانے کا بتایا۔
خیال رہے کہ دبئی سے غیر ملکی ائیر لائن کی کولمبو کی پرواز میں سوار خاتون مسافر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئی تھی۔
خاتون مسافر کے انتقال کے باعث غیر ملکی ائیر لائن کے طیارے نے 10 جولائی کو کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کی تھی۔