گورنرخیبرپختونخوافیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ شہید بینظیر بھٹو اپنی حیات اور شہادت کے بعد آج تک خواتین کیلئے رول ماڈل ہیں،پاکستان کی خواتین ہر شعبے میں اپنی قابلیت کا لوہا منوانے کی صلاحیت رکھتی ہیں، ایک پرامن خاندان اور پرامن معاشرے کے قیام میں عورت کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، ہمیں پرامن ماحول کے قیام کیلئے عورت کو برابر کے مواقع فراہم کرنا ہونگے،خواتین میں اسکلز کو بڑھانے کے حوالے سے نیوٹک سمیت متعدد اداروں کے ساتھ روابط جاری ہیں، میری کوشش ہوگی کہ ہمارے صوبہ میں نوجوانوں کی اسکلز بڑھانے پر کام کیا جائے۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعرات کے روز عورت فاؤنڈیشن کے زہراہتمام سرینہ ہوٹل اسلام آباد میں منعقدہ قومی کانفرنس” عورت امن کی تعمیرساز” سے بحیثیت مہمان خصوصیخطاب کرتے ہوئے کیا۔
عورت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام قومی کانفرنس میں ڈپٹی اسپیکر سندھ نوید انتھونی ، ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی غزالہ گولو ، ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی ثریا بی بی، سرچ فار کامن گراؤنڈ کے شاہد رحیم ، عورت فاؤنڈیشن کے نعیم مرزا سمیت ملک بھر سے خواتین کی بڑی تعداد شریک تھی ۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ خیبر پختونخوا میں خواتین کو معاشی طور پر ترقی دینا اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا میری ترجیحات میں شامل ہے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے خواتین کو معاشرے کے رحم و کرم سے نجات دلائی۔ انہوں نے کہاکہ صوبہ سندھ میں حالیہ متاثرہ گھروں کی ازسر نو تعمیر کے بعد انکے مالکانہ حقوق کے کاغذات خواتین کے نام پر کئے جا رہے ہیں،پاکستان پیپلز پارٹی نے اسپیکر قومی اسمبلی ، وزیر خارجہ، سینیٹ اور ہر فورم پر خواتین کو نمائندگی دی ہے، غریب خواتین کی فلاح و بہبود اور انکو ترقی کے دھارے میں لانا شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی اولین ترجیح تھی۔
گورنرنے کہاکہ قیام امن کے لیے معاشرے کے ہر شعبہ سے وابستہ افراد نے قربانیاں دی ہیں، ہمیں خیبرپختونخوا میں مستقل و پائیدار امن کی پختہ دیوار بنانی چاہیئے جسکو کوئی گرا نہ سکے۔گورنرنے کہاکہ میڈیا میں موجود خواتین کی جدوجہد کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا اور اس عزم کا اعادہ کیاکہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی خواتین کے لیئے فنی تعلیم کی سہولیات کا دائرہ بڑھائیں گے۔