مقدس کتاب کی بے حرمتی کے واقعات پر دل تڑپتا ہے، مریم نواز

پاکستان
0 0
Spread the love
Read Time:2 Minute, 37 Second

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ مقدس کتاب کی بے حرمتی کے واقعات پر دل تڑپتا ہے۔

لاہور میں اتحاد بین المسلمین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جو حالات ہیں وہ میرے لیے باعث تشویش ہیں، ہم سب کی کوشش ہوتی ہے کہ دین کا خوبصورت چہرہ پیش کریں۔

مریم نواز نے کہا کہ مقدس کتاب کی بے حرمتی کے بڑھتے واقعات کی وجوہات کو دیکھنا ہوگا، سوات میں جو ہوا اسے ہم سب کو دیکھنے کی ضرورت ہے، مذہب سے محبت میرے خون میں شامل ہے، ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ دین کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے لائیں۔

انہوں نے کہا کہ اتحاد بین المسلمین کے لیے فعال کردار کی آج بہت ضرورت ہے، سوات جیسے تشویشناک واقعات کی روک تھام ضروری ہے، قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کی اور اپنی عدالت گلی محلوں میں لگانے کی اجازت قطعاً نہیں دینی چاہیے۔

مریم نواز نے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، ہمارا مذہب امن اور محبت کا مذہب ہے، جب کوئی جرم ثابت ہوتا ہے تو اس جرم کے تدارک کیلئے مجرم کو پکڑنا بھی چاہیے اور قانون کےحوالے کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جو مذہب کو رسوا کرنے کا باعث بنتا ہے وہ سب سےبڑا مجرم ہے، مذہب کی بے حرمتی کی آج کل بہت شکایات سامنے آرہی ہیں، اچانک اعلان کردیا جاتا ہے اور پولیس کے پہنچنےسے پہلے لوگ اکٹھے ہوجاتے ہیں، جلاؤ گھیراؤ اور قتل و غارت وہاں شروع ہوجاتی ہے، قانون نافذ کرنے والے اداوں کو اپنا کام کرنے دینا چاہیے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سوشل میڈیا پر یہ مواد ہوتا ہے، ایسا مواد ہے تو آپ ہماری رہنمائی فرمائیں، محرم الحرام سے جتنے جذبات جڑے ہیں وہ صرف اہل تشیع کے نہیں، ہمارے بھی جذبات ہیں، مجالس کی حفاظت پنجاب حکومت کی ذمہ داری ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ 3 دن پہلے حکم دیا تھا کہ جلوس کے تمام روٹس پر شربت کا بھی اہتمام ہوگا، پہلی مرتبہ شاید ہم کھانا بھی دیں گے جس کا بندوبست کر لیا ہے، حکومت پنجاب کی طرف سے نیاز دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہتکِ عزت قانون کی جتنی ضرورت آج ہے پہلے کبھی نہ تھی، اس قانون پر کیا اعتراض ہے سمجھ نہیں آتی، میڈیا کا بہت احترام ہے لیکن کسی کی پگڑی اچھالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ مجھے میڈیا کا بہت احترام ہے، میڈیا کا بہت پازیٹیو کردار بھی ہے، کسی کی پگڑی اچھالنے، تہمت لگانے کی بغیر ثبوت اجازت نہیں دی جا سکتی۔

ان کا کہنا تھا کہ میڈیا بولے کہ ہم جھوٹ بولیں اور پکڑے نہ جائیں، یہ نہیں ہوگا، صرف زبان ہلا کر کسی کی عزت کو آپ داغ دار نہیں کرسکتے، جو الزام لگایا اس کا ثبوت مہیا کردیں گے تو بات ختم ہو جائے گی، اگر بدنیتی سے الزام لگایا اور جھوٹ بولا ہے تو اس کی سزا ملے گی۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ ہر مہذب معاشرے میں یہ قانون ہے، ہمارے معاشرے میں یہ بیماری پھیلی ہی اس لیے کہ اس کی کوئی جوابدہی نہیں تھی۔

Happy
Happy
0 %
Sad
Sad
0 %
Excited
Excited
0 %
Sleepy
Sleepy
0 %
Angry
Angry
0 %
Surprise
Surprise
0 %