سینیٹ میں مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈرسینیٹرعرفان صدیقی نے کہا ہے کہ ہم مذاکرات معیشت، عوام اور ملک کودرپیش مسائل کے حل کیلئے کرنا چاہتے ہیں،پی ٹی آئی ہم سے مذاکرات نہیں چاہتی انہیں پتا کہ ہم کیسز معاف نہیں کرسکتے اور 9مئی کو لوح تاریخ سے مٹا نہیں سکتے،حکومت پی ٹی آئی کے ساتھ صدق دل سے بات کرنے کو تیار ہے۔
انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی کانگریس سے قرارداد منظور کرانا پی ٹی آئی کی کامیابی ہے، 2013 میں ہمارے خلاف پروپیگنڈا ہوتا رہا، پھر 2018 کے انتخابات میں ہمیں بہت ساری شکایات رہی ہم یہ نہیں کرسکے ، ہم امریکا یا امریکی ایوان نمائندگان کو قائل نہیں کرسکے تھے کہ آرٹی ایس فیل ہوگیا، ہمارے ساتھ بڑ ی زیادتی ہوئی۔
ہماری نالائقی تھی ، ہم سمجھتے تھے کہ ہمیں اپنے گھر کے کپڑے اپنے گھر میں ہی دھونے چاہئیں۔پی ٹی آئی کی کامیابی ہے کہ ایوان نمائندگان کے 386 ارکان کوکراس دی پارٹی لائن باور کرایا کہ صرف سات ووٹ خلاف آئے، لیکن پاکستان کے چہرے پر کالک تھوپی گئی، اگر کالک تھوپنا پی ٹی آئی کی کامیا بی ہے تو وہ اس کا جشن منا رہے ہیں، ہماری ناکامی ہے کہ ہم پاکستان کے حق میں جو پوائنٹ جاتا ہے اس کو اٹھا نہیں پارہے۔
پی ٹی آئی کی تنظیموں نے کس کس کو پیساڈالر دیئے ، اس قرارداد کا جو محرک ہے اس کو کتنے ڈالر دیئے ہیں، وہاں پر چندہ دینا اور لینا لیگل ہے۔ ہم نے سارا ملبہ امریکا پر ڈال دیا جبکہ اصل کامیابی تو پی ٹی آئی ہے،اسی طرح 6ججز کا خط لکھنابھی کامیابی ہے، کیونکہ اس سے پہلے تو کسی نے خط نہیں لکھا۔ قراردادمنظورکرنے والوں کو سوچنا چاہئے کہ غزہ اور کشمیر میں کیا کردار ہے؟ جتنے امریکی صدورپاکستان آئے وہ سب مارشل لاء ادوارمیں آئے ہیں،ان کو جمہوری قدروں اور آمروں کے ساتھ سلوک کا موازنہ کرنا چاہیئے۔
پھر دنیا میں ملوکیت اور آمریت کے ساتھ آپ کا طرز عمل کیا ہے؟اگر ان کا کوئی اصول ہے تو غزہ میں قاتل کی پشت پر ہیں وہ درد نہیں اٹھا، خان جیل میں ہے وہ درد اٹھ گیا۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ سیاسی قوتوں سے مذاکرات کی بات نوازشریف نے بھی کی تھی، ہم مذاکرات پاکستان کی معیشت، عوام اور درپیش مسائل کیلئے کرنا چاہتے ہیں،پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی اور پنکھوں کیلئے بات کرنا چاہتی ہے، وہ اسی لئے کہتے ہیں ہم نے بات نہیں کرنی ، ان کو پتا ہے ہم کیسز معاف نہیں کرسکتے، اورنہ 9مئی کو لوح تاریخ سے مٹا سکتے ہیں، وہ کہتے یہ چور ڈاکو ہیں ان سے بات نہیں کرنا چاہیئے، حکومت پی ٹی آئی کے ساتھ بات کرنے کیلئے صدق دل سے تیار ہے، وہ کہتے ن لیگ، پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم چور ہے ان سے بات نہیں کریں گے، پھر کیا ان سے بات کریں گے جن کی نقلیں اتارتے تھے؟ان سے اس لئے مذاکرات کررہے کہ وہ دھرنے دیں؟