ایف بی آر نے مالی سال2023-24 کے لئے مقررہ ہدف 9252 ارب روپے کے مقابلہ میں 9306 ارب روپے کے محصولات جمع کرلئے،یوں سالانہ ہدف سے 54 ارب روپے زیادہ جمع کئے گئے۔اعداد و شمار کی مطابقت کے بعد ریوینیو میں مزید اضافہ متوقع ہے۔گذشتہ سال کے مقابلہ میں محصولات کی وصولی میں تیس فیصد اضافہ ہو ا ہے۔
یہ اضافہ موجودہ مالی سال کے دوران تاریخی وصولیوں کی بابت ممکن ہوا۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ ایف بی آر نے گذشتہ مالی سال میں جمع کئے گئے محصولات 7164 ارب روپے کے مقابلہ میں اس سال محصولات میں 2142 ارب روپے کا اضافہ کیا اور صرف جون2024 کے دوران 1183 ارب روپے جمع کئے گئے۔یہ ہدف اس حقیقت کے باوجود حاصل کیا گیا کہ درآمدات کی مالیت55 ارب ڈالر سے کم ہو کر 53 ارب ڈالرتک محدود رہی اور تمام شارٹ فال کو اندرونی ٹیکسوں سے پورا کیا جانا تھا۔
وزیر اعظم اور وزیر خزانہ کی براہ راست دلچسپی کے باعث سالانہ ہدف کو عبور کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں ٹیکس سسٹم میں نمایاں سٹر کچرل بہتری دیکھنے میں آئی۔یہ پالیسی شفٹ کا نتیجہ تھا جس میں مقامی وسائل کو متحرک کرنے پرزیادہ توجہ مرکوز کی گئی، امیر اور با وسائل طبقہ پر براہ راست ٹیکس بڑھائے گئے اور ریفنڈز جاری کرکے کاروبار کرنے والوں اور ایکسپورٹرز کو آسانیاں مہیا کی گئیں۔
وزیر اعظم کی ہدایات کی روشنی میں ایف بی آر نے مالی سال 2023-24 کے دوران 469 ارب روپے کے ریفنڈز جاری کئے جبکہ مالی سال 2022-23 کے دوران ریفنڈز کی مالیت 331 ارب روپے تھی۔ اس طرح پچھلے مالی سال کے مقابلہ میں اس سال ریفنڈز 42 فیصد زیادہ ہے،حکومت کی طرف سے براہ راست ٹیکسز پر توجہ مرکوز کرنے کی وجہ سے محصولات کاہد ف حاصل کرنے میں مدد ملی اورمحصولات جمع کرنے میں براہ راست ٹیکسز کا حصہ 47 فیصد رہا۔
مجموعی طور پر ڈومیسٹک ٹیکسز میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا اور ایف بی آر نے 6128 ارب روپے ڈومیسٹک ٹیکسز کی مد میں جمع کئے ہیں جبکہ 3178 ارب روپے درآمدی ٹیکسز کی مد میں جمع کئے گئے۔ اس طرح ڈومیسٹک ٹیکسز میں 37 فیصد اور درآمدی ٹیکسز میں 18 فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا اور یہ اس حقیقت کے باوجود ہوا کہ اس مالی سال کے دوران درآمدات 55 ارب ڈالر سے کم ہو کر 53 ارب ڈالر ہو گئیں تھیں۔
ریونیو کلیکشن میں ڈومیسٹک ٹیکسز کاحصہ 65 فیصد رہا جو دو سال پہلے تک 50 فیصد سے کم تھا۔ایف بی آر نے گذشتہ سال کے 3270 ارب روپے کے مقابلہ میں اس مالی سال کے دوران انکم ٹیکس کی مد میں 4528 ارب روپے اکٹھے کئے۔جو 38.4 فیصد کاا ضافہ ظاہر کرتا ہے۔اس طرح سے سیلز ٹیکس کی مد میں 3098 ارب روپے جمع کئے گئے جبکہ گذشتہ مالی سال کے دوران 2593 ارب روپے جمع کئے گئے تھے۔
فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں گذشتہ سال کے 370 ارب روپے کے مقابلہ میں 576 ارب روپے جمع کئے گئے جبکہ کسٹم ڈیوٹی کی مدمیں گذشتہ سال کی931 ارب روپے کے مقابلہ میں 1104 ارب روپے اکٹھے کئے گئے۔تمام تر مشکلات اور مسائل کے باوجود ایف بی آر کے افسران اور عملہ نے اپنی پوری توجہ اور لگن محصولات کے مقررہ ہدف کو حاصل کرنے کے اپنے بنیادی فریضہ پر مبذول رکھی۔
پاکستان کی اقتصادی ترقی کا تعلق محصولات جمع کرنے کے اہداف کو پورا کرنے سے جڑا ہو ا ہے۔ایف بی آر کے افسران اور ملازمین تمام تر چیلنجز سے نمٹنے کے لئے پر عزم ہیں اور آنے والے برسوں میں مزید کامیابیاں حا صل کرنے کے لئے تیار ہیں۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ٹیم ایف بی آر مالی سال 2024-25 کے لئے مقرر کردہ محصولات کے ہدف کے حصول کے لئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائے گی اور ایف بی آر ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔