چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پارلیمنٹریزم کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں دنیا بھر کی تمام پارلیمانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ دن انتہائی اہمیت کا حامل ہےکیونکہ اسی دن بین الپارلیمانی یونین کی سالگرہ بھی منائی جا رہی ہے۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جمہوری طرز عمل کے فروغ میں پارلیمانی ادارے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
میڈیا ڈائریکٹوریٹ سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں کہاگیاہے کہ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آج ہمیں بطور پارلیمنٹیرینز پارلیمانی جمہوریت کی اقدار کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کرنے کی ضرورت ہے اور ہمیں مکالمے اور باہمی احترام کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ معاشروں کو فائدہ پہنچانے والی قانون سازی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے انتھک محنت کرنی چاہیے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمانی طرز حکمرانی کے لیے غیر متزلزل وابستگی آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی کا مزید کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی، دہشت گردی،انتہا پسندی، بڑھتے ہوئے تنازعات و دیگر چیلنجز جو اقوام عالم کی بقا کے لیے خطرہ بنتے جارہے ہیں ان سے نمٹنے کے لیے ایک مؤثر فریم ورک اور اجتماعی نقطہ نظر کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ امن، ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے دنیا بھر کی پارلیمانوں کے ساتھ ہے۔