وام پاکستان پارٹی کے کنوینر شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کی جانب سے اپوزیشن کومذاکرات کی آفر صرف پولیٹیکل پوائنٹ سکورنگ ہے ،عمران خان کو جیل میںوہ سہولیات دی گئیں جو عام قیدیوں کو دی جاتی ہیں،پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں فیل ہو گئی ہیں۔ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ جس جیل میں اس وقت بانی پی ٹی آئی قید ہیں میں بھی وہیں قید تھا۔
سزائے موت والے بیرک میں الگ جگہ بنائی گئی۔عمران خان جہاں قید ہیں وہ جگہ ان کی حکومت میں بنائی گئی تھی۔ملک میںاس وقت بہت سارے مسائل ہیں۔ موجودہ سیاسی جماعتیں یہ مسائل حل نہیں کرسکیں۔ان کا کہنا تھا کہ 35سال ن لیگ میں رہاہوں اس لئے ہر اچھے برے کاذمہ دارہوں۔
نیب کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا گیا،ہمارے خلاف جھوٹے مقدمات بناکرپریس کانفرنسز کی جاتی تھیں،انہیں سیاسی لیڈروں کو جیل میں ڈالنے کاشوق ہے،بات یہاں تک پہنچ گئی کہ وزیراعظم کو سزائیں بھی ہونے لگیں۔
معیشت کو درست کرنا ہے،نوجوان نسل کو امید دلانی ہے کہ ملکی مسائل حل ہوسکتے ہیں۔شاہد خاقان عباسی کا گفتگو کے دوران مزید کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں ملک آئین کے مطابق چلے۔ ہماری سیاسی جماعت میں پارٹی کی رجسٹریشن کاعمل جاری ہے۔سیاسی لوگوں سے رابطے جاری ہیں،مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ پارٹی میں شامل ہورہے ہیں۔واضح رہے کہ چند روزقبل سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل نے اپنی سیاسی پارٹی عوام پاکستان کو باقاعدہ لانچ کردیاتھا۔
شاہد خاقان عباسی عوام پاکستان کے کنوینر ہوں گے جبکہ مفتاح اسماعیل کو ان کے نائب مقرر کیا گیاتھا۔ عوام پاکستان پارٹی کا باقاعدہ اعلان 6 جولائی کو اسلام آباد میں کیا جائے گا۔اس حوالے سے عوام پاکستان پارٹی کے کنوینر شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ہم الیکٹ ایبلز کو اکٹھا نہیں کر رہے ہیں۔عوام پاکستان کے نائب کنوینر مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ہماری سیاسی پارٹی کا باقاعدہ اعلان اگلے ماہ کیا جائیگا۔