عدت نکاح کیس دوسری عدالت منتقل کرنے کی درخواست منظور

پاکستان
0 0
Spread the love
Read Time:3 Minute, 2 Second

پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف عدت نکاح کیس دوسری عدالت منتقل کرنے کی درخواست منظور کرلی گئی۔ تفصیلات کے مطابق عدت میں نکاح کے کیس میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے جہاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس دوسری عدالت کو ٹرانسفر کرنے کی درخواست منظور کرلی ہے، جس کے بعد عدالت کی جانب سے کیس ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا کی عدالت کو ٹرانسفر کردیا گیا، اب ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا دوران عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلیں سنیں گے۔
بتایا جارہا ہے کہ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے عدت نکاح کیس دوسری عدالت کو منتقل کرنے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ کوخط لکھا تھا ،خط میں جج شاہ ارجمند نے کیس دوسری منتقل کرنے کی استدعا کی، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے خاور مانیکا کی جانب سے کیس منتقل کرنے کی استدعا کے حوالے سے ہائی کورٹ کو لکھے گئے خط کہا کہ’ کیس کے مدعی خاور مانیکا نے عدالت میں مجھ پر عدم اعتماد کیا ہے، مدعی مقدمہ خاور مانیکا نے کھلی عدالت میں عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے ، مدعی کی اسی طرح کی ایک اپیل پہلے بھی مسترد ہوچکی ہے، مدعی مقدمہ اور ان کے وکیل کیس میں بلاوجہ تاخیر کے مرتکب ہوئے ہیں، خاورمانیکا اور ان کے وکلاءنے ہمیشہ سماعت میں خلل ڈالنے کی کوشش کی، اعتراض کے بعد درخواست کی جاتی ہے اس کیس کو کسی اور جج کے پاس ٹرانسفر کیا جائے، ہائیکورٹ ان اپیلوں کو نمٹانے کیلئے ٹائم فریم فکس کرے۔

واضح رہے کہ عدت نکاح کیس کی گزشتہ سماعت کے دوران کمرہ عدالت میں پی ٹی آئی کے وکلا ء اور درخواست گزار خاور مانیکا کے درمیان شدید تلخ کلامی ہوئی، مقدمے کی سماعت کرنے والے جج شاہ رخ ارجمند نے فریقین سے استفسار کیا کہ’ کیا آپ کوئی سین بنانا چاہتے ہیں؟‘، خاور مانیکا نے الزام عائد کیا کہ’ عمران خان سابق وزیر اعظم ہیں اس لیے ان کو نرمی دی جاتی ہے، غریب آدمی کی بھی سن لیں، بچوں کو یکم جنوری کے نکاح کا علم ہی نہیں ہے، میں نے بچوں کو کہا کہ 14 فروری کو عدت ختم ہورہی ہے اس کے بعد دیکھنا نکاح آجائے گا اور اس کے بعد 18 فروری کو نکاح سامنے آگیا‘۔
اس موقع پر عدالت نے خاور مانیکا کو عمران خان کیلئے غیر مناسب الفاظ استعمال کرنے سے روک دیا، تاہم خاورمانیکا نے کہا کہ’ مجھ سے غلطی ہوگئی کہ سمجھ لیا عمران خان دین کے واسطے آتے ہیں، نکاح چھپ کرکیا تو معلوم ہوا بانی پی ٹی آئی نے اللہ کے نام پر دھوکہ دیا، بانی پی ٹی آئی تو عورتوں کو چھوڑتے ہی نہیں ہیں‘،خاورمانیکا کے اس جملے پر کمرہ عدالت میں موجود کارکنان نے شدید نعرے بازی کردی اور عدالت نے خاور مانیکا کو ہدایت دی کہ کیس پر واپس آئیں۔
وکیل پی ٹی آئی نعیم پنجوتھا نے کہا کہ’ خاور مانیکا کو پلانٹ کرکے لایا گیا ہے، عدالت سمجھتی ہے خاور مانیکا کیا چاہتا ہے‘، سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے ریمارکس دئیے کہ ’بار بار عدم اعتماد کیا جارہا ہے‘،بیرسٹر گوہر علی خان نے دلیل دی کہ ’عمران خان جیل میں ہیں کیس کے دلائل مکمل ہو چکے ہیں عدالت فیصلہ سنائے‘، وکیل عثمان گل نے کہا کہ ’عدالت پر مکمل اعتماد ہے جو فیصلہ ہوگا منظور ہوگا‘، جج نے ریمارکس دیئے کہ ’اب جو فیصلہ ہوگا متنازعہ ہوگا‘، اس کے ساتھ ہی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے جج عدت نکاح کیس میں سزاؤں کے خلاف عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر فیصلہ سنائے بغیر اپنے چیمبر میں چلے گئے۔

Happy
Happy
0 %
Sad
Sad
0 %
Excited
Excited
0 %
Sleepy
Sleepy
0 %
Angry
Angry
0 %
Surprise
Surprise
0 %