سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ ن لیگ کا کوئی شخص حلف لینے کو تیار نہیں ہوگا،موجودہ حکومت کے پا س مینڈیٹ ہی نہیں تو مذاکرات کیسے کرے گی؟انہوں نے اے آروائی کے پروگرام میں کہا کہ حلف لے کر پوچھیں کہ فارم 45پر کون جیتا اور فارم 47پر کون جیتا ہے؟ن لیگ کا کوئی شخص حلف لینے کو تیار نہیں ہوگا،شہبازشریف جس دن مذاکرات کی بات کررہے تھے اس دن ہمیں پکڑا جارہا تھا، موجودہ حکومت کے پا س مینڈیٹ ہی نہیں تو مذاکرات کیسے کرے گی؟9مئی واقعات کی جوڈیشل انکوائری چاہتے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے رہنماء سینیٹر افنان اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے کے پی میں سرپر بندوق رکھ کر نتیجے لئے ہیں، پی ٹی آئی اگر مذاکرات کیلئے سنجیدہ ہے ہم بھی مذاکرات کرلیں گے، وزیراعظم چار چھ لوگوں کو کہیں گے اور وہ مذاکرات کرلیں گے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی آفیشل ایکس کے مطابق فارم 47 زدہ جعلی وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور جعلی گورنر فیصل کریم کنڈی کے بیانات پر اپنے ردعمل میں کہا کہ جعلی فارم 47 کے سہارے اقتدار میں بیٹھی مینڈیٹ چور کٹھ پتلیوں کی جانب سے ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو مذاکرات کی دعوت دینا انتہائی مضحکہ خیز ہے، رات کی تاریکی میں مینڈیٹ چرا کر جعلی عہدوں پر مسلط کیے جانے والے غلاموں کے پاس کوئی اختیار ہے نہ ان کے کسی بھی قول و فعل کی کوئی وقعت ہے، شریفوں اور زرداری کے درباریوں کی آئے روز ایک نئی پروپیگینڈا مہم کی آڑ میں چیخ و پکار بتا رہی ہے کہ ان کے ناجائر اقتدار کا خاتمہ قریب ہے۔
طاقتور حلقوں کی سرپرستی میں ڈیلز کے سہارے حکومتوں میں آنے والے قومی مجرم ملک و قوم کے مفاد میں فیصلے لینے کا اختیار رکھتے ہیں نہ چوروں کے ساتھ مفاہمت کی کوئی گنجائش ہے، جعلی فارم 47 زدہ وزیراعظم کی اپنی یہ حیثیت ہے کہ اس کا منشی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ بھی اس کی ہدایات کے برعکس کرتا ہے۔