فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹیکس گوشوارے جمع کروانے پر نان فائلرز کی7ہزار سے زائد سمیں بحال کر دیں،ایف بی آر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مالی سال 2023 کیلئے مزید 7 ہزار 167 انکم ٹیکس گوشوارے موصول ہوئے ہیں جس میں پہلے بیچ کے ساتھ صرف 508 ٹیکس ریٹرنز فائل ہوئے جو 28 مئی کو بھیجے جانے والے آخری بیچ میں بڑھ کر 1514 ہوگئیں۔
نان فائلرز کے ٹیکس گوشوارے جمع ہونے کی تصدیق کے بعد ان کی سمز فوری بحال کردی گئیں۔ ایف بی آر نے ٹیلی کام کمپنیوں کے ساتھ 5 ہزار کے 12 بیچز میں شناختی کارڈ کا ڈیٹا شیئر کیاتھا۔ ایف بی آر نے 14 مئی سے تین بڑی ٹیلی کام کمپنیوں (ٹیلی نار، یوفون اور جاز) کو تقریباً 60 ہزار نان فائلرز کے شناختی کارڈ نمبر بھیجے تھے تاکہ ان افراد کی سم کارڈز کو بند کیا جائے۔
ٹیلی کام آپریٹرز نے 10 اپریل کو ایف بی آر کے ساتھ چھوٹے بیچوں میں موبائل سمز فوری بلاک کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ 5 ہزار نان فائلرز پر مشتمل پہلا بیچ 14 مئی کو ٹیلی کام آپریٹریز کو بھیجا گیا تھا جس کے بعد مجموعی طور پر 12 بیچز ان کمپنیوں کے ساتھ شیئر کئے گئے تھے۔بعد ازاں تینوں ٹیلی کام کمپنیوں نے سمز بلاک کرنے کا عمل شروع کردیا تھا۔ایف بی آر نے تین اہم ٹیلی کام آپریٹرز کے ساتھ ایک 18 رکنی مشترکہ ورکنگ گروپ (جے ڈبلیو جی) بھی تشکیل دیا ہے تاکہ نان فائلرز کی سم کو فوری بلاک کرنے کا سلسلہ جاری رہے۔
ورکنگ گروپ میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)، یوفون، ٹیلی نار پاکستان اور جاز کے نمائندے شامل ہیں۔یاد رہے کہ چند روز قبل )ٹیلی کام کمپنیوں نے ایف بی آر کی ہدایت پر نان فائلرز کی12ہزار سے زیادہ سمز بلاک کر دیں تھیں۔ترجمان فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا کہنا تھا کہ ٹیلی فون کمپنیوں کے ساتھ گزشتہ روز اجلاس ہوا تھا جس میں ایف بی آر نے سمز بندکرنے کے فیصلے سے موبائل کمپنیوں کو آگاہ کیاگیا تھا۔
نان فائلرز کی موبائل فون سمز بند کرنے کا فیصلہ حکومت کا ہے جس پر ہرحال میں عمل درآمد کرنا ہوگا۔ ایف بی آر نے نان فائلرز کی سمیں بلاک کرنے سے متعلق رپورٹ جمع نہ کروانے والی ٹیلی کام کمپنیوں کے دفاتر میں ریکارڈ کی فزیکلی انسپکشن شروع کر دی تھی جس دوران تعاون نہ کرنے والی ٹیلی کام کمپنیوں پر جرمانے عائد کرکے پراسیکیوشن شروع کی جائے گی۔کمشنر ان لینڈ ریونیو زون فور نے انکم ٹیکس آرڈیننس کی سیکشن 175 کے تحت انسپکشن کے آرڈر جاری کر دئیے تھے۔ٹیلی کمپنیوں نے کمپنی نے اپنے سسٹم کے ریکارڈ سے ایف بی آر کی انسپکشن ٹیم کو نان فائلرز کی سمیں بلاک کئے جانے اور نان فائلرز کو بھجوائے جانے والے میسجز کی تصدیق کروائی تھی۔