علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے لانج میں آگ بھڑک اٹھی جس سے ائیرپورٹ پر امیگریشن کا عمل متاثر ہوگیا جبکہ لاہور سے پہلی حج پرواز کو بھی روک دیا گیا۔ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق آگ امیگریشن کائونٹر کی سیلنگ میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی، آگ لگنے سے امیگریشن سسٹم جل گیا جبکہ عمارت کو خالی کروا دیا گیا ہے۔
ائیرپورٹ کے لانج میں آگ لگنے کے بعد سول ایوی ایشن کے عملہ نے جہدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا ۔ ایئرپورٹ حکام کے مطابق آگ سے امیگریشن کا عمل متاثر ہونے کے بعد عازمین حج کی امیگریشن کا عمل ڈومیسٹک کائونٹر سے شروع کردیا گیا ہے جبکہ آتشزدگی کے باعث چند پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لاہور ائیرپورٹ پر امیگریشن کائونٹر میں آتشزدگی کے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے آتشزدگی کے واقعہ کی رپورٹ طلب کر کے تحقیقات کا حکم دے دیا۔وفاقی وزیرنے کہا کہ مسافروں کی سہولت کیلئے امیگریشن کائونٹر کو جلد فعال کیا جائے۔