تونسہ کی پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے گزشتہ رات حملہ کیا جسے ناکام بنا دیا گیا۔
ریجنل پولیس آفیسر سجاد حسن خان کے مطابق واقعے میں 7 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
گزشتہ رات تونسہ میں خیبر پختون خوا بارڈر پر واقع پولیس چیک پوسٹ جھنگی پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا۔
دہشت گردی کا خاتمہ ہمارا عزم ہے، وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز
ریجنل پولیس آفیسر سجاد حسن خان نے بتایا ہے کہ پنجاب پولیس کے جوانوں نے بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا جس کے نتیجے میں حملہ آور رات کی تاریکی میں بھاگ گئے۔
ان کا کہنا ہے کہ حملہ آور راکٹ لانچرز اور اسلحے سے لیس تھے جو چیک پوسٹ پر قبضہ کرنا چاہتے تھے لیکن پولیس نے ان کا حملہ ناکام بنا دیا، حملے میں 7 پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے جنہیں تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال تونسہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
اسپتال میں 5 پولیس اہلکاروں کو مرہم پٹی کے بعد فارغ کر دیا گیا جبکہ 2 اہلکاروں کا علاج جاری ہے۔
پولیس کی بھاری نفری کا سرحدی علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔