حکومت نے چینی برآمد کرنے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کر لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع وزارت خوراک کا کہنا ہے کہ شوگر ملز مالکان نے برآمد کی اجازت ملنے کی صورت میں قیمت نہ بڑھنے کی یقین دہانی کرائی تھی، حکومت نے متعلقہ ایسوسی ایشن سے تحریری یقین دہانی مانگی تھی، شوگر ملز ایسوسی ایشن کی طرف سے چینی مہنگی کرنے کے عندیہ کے بعد چینی برآمد کی سمری کو فی الحال روک دیا گیا ہے۔
ذرائع نے مزید کہا ہے کہ متعلقہ اداروں نے پیشگی حکومت کو آگاہ کیا ہے کہ برآمد کی اجازت سے متعلق سمری کی خبروں پر بازار میں چینی کی قیمت بڑھنا شروع ہو جاتی ہے، اس لیے اگر چینی برآمد کرنے کی سمری منظور ہوئی تو چینی کی قیمت 25 روپے تک بڑھ سکتی ہے۔
علاوہ ازیں وفاقی حکومت کا چینی کی ذخیرہ اندوزی اور سمگلنگ کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں ملکی ضرورت سے زائد چینی برآمد کرنے کی درخواست پر غور لیا گیا، اس اجلاس کے دوران شوگر ملز ایسوسی ایشن کے دیئے گئے اعداد و شمار کا بھی جائزہ لیا گیا، وزیراعظم نے دونوں تجاویز میں فرق کا دوبارہ جائزہ لینے کی ہدایت کی اور کہا کہ چینی کی قیمتیں مستحکم رکھنے کے لیے اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے۔
بتایا گیا ہے کہ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر داخلہ محسن نقوی اور صوبائی حکومتوں کو چینی کی سمگلنگ روکنے کی ہدایت کی، انہوں نے چینی کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاؤن کی بھی ہدایت کی، وزیراعظم نے کہا کہ چینی کی طلب اور رسد کا جائزہ لے کر ایک ہفتے میں دوبارہ رپورٹ پیش کی جائے۔