اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بنی گالہ سب جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست وکیل کے پیش نہ ہونے کے باعث عدم پیروی پر خارج کر دی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے درخواست کی سماعت کی، بشریٰ بی بی کے وکلاء کی عدم پیشی پر جج نے برہمی کا اظہار کیا، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ ’بشریٰ بی بی کے وکیل عدالت میں پیش کیوں نہیں ہوئے؟ اُنہیں بھی پتا تھا کہ اگر وہ یہ کیس جیت جاتے تو بشریٰ بی بی گھر سے جیل چلی جاتیں، شاید وہ خود بھی نہیں چاہتے کہ بشریٰ بی بی جیل چلی جائیں، دونوں طرف سے عدالت کے ساتھ سیاست کھیل رہے ہیں، مذاق بنایا ہوا ہے میں نے کہا تھا کہ اگلی تاریخ پر فیصلہ کروں گا پھر بھی پیش نہیں ہوئے‘، بعد ازاں عدالت نے درخواست خارج کردی۔
ادھر تحریک انصاف کے قائد عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے میڈیکل چیک اپ کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی ،وکیل شعیب شاہین کے ذریعے درخواست ہائیکورٹ میں دائر کی گئی، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مجھے خوراک کے ذریعے زہر دئیے جانے کا خدشہ ہے، زہر کے خدشے کے پیش نظر میری صحت پر اثر ہوسکتا ہے، عدالت شوکت خانم یا کسی پرائیویٹ ہسپتال سے ٹیسٹ کرانے کی اجازت دے۔
درخواست میں کہاگیا ہے کہ بشریٰ بی بی کو کھانے میں زہر ملا کر دیا جا رہا ہے انہیں ذہنی تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے، سب جیل میں زیادہ ترمرد اہلکاروں کی تعیناتی کی گئی ، صرف ایک خاتون اہلکار ڈیوٹی دے رہی ہیں ، سب جیل میں زیادہ تر مرد اہلکاروں کی موجودگی کے باعث بشریٰ بی بی کیلئے ذہنی اذیت کا باعث ہے، بشریٰ بی بی کے کمرے میں آڈیوبگز اور خفیہ کیمرے نصب کئے گئے ہیں جو ان کی پرائیویسی کیخلاف ہے ، بشریٰ بی بی سے اہلخانہ اور فیملی کی ملاقات کا دورانیہ بھی صرف دس منٹ رکھا گیا ہے اور اہل خانہ و وکلاءکو ملاقات کیلئے چالیس منٹ سے زیادہ انتظارکروایا جاتاہے، بشریٰ بی بی نے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست بھی دائر کی ہے کیونکہ وہ بنی گالا میں خود کو غیر محفوظ سمجھتی ہیں، عدالت بشریٰ بی بی کو آئین پاکستان میں دئیے گئے بنیادی حقوق کی پاسداری کا حکم دے ۔