پاکستان نے کہا ہے کہ وہ بشام کے قریب ہونے والے گھناؤنے دہشت گرد حملے کے بعد چینی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے جس میں پانچ چینی شہریوں کی جانوں کا ضیاع ہوا۔ ترجمان دفترخارجہ ممتاززہرہ بلوچ نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ ہم دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کی گھناؤنی کارروائیاں ہر قسم کی دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور چین قریبی دوست اور آہنی بھائی ہیں، ہمیں اس میں کوئی شک نہیں کہ بشام دہشت گردانہ حملہ کی منصوبہ بندی پاک چین دوستی کے دشمنوں نے کی۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم مل کر ایسی تمام قوتوں کے خلاف پوری عزم کے ساتھ کارروائی کریں گے اور انہیں شکست دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چینی شہریوں، منصوبوں اور اداروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان اپنے چینی بھائیوں کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔