اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ میں جنگ بندی کے لیے سکیورٹی کونسل کی قرارداد کا خیرمقدم کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کے لیے سکیورٹی کونسل کی قرارداد خوش آئند ہے، عالمی برادری غزہ سے متعلق سکیورٹی کونسل کی قرارداد پر عملدرآمد یقینی بنائے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ غزہ میں نہتےفلسطینیوں پر جاری صیہونی ظلم و جبر مستقل طورپر بند ہونا چاہیے، اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں اب تک ہزاروں خواتین اور بچے شہید ہوچکے ہیں۔
پاکستان کا غزہ سے متعلق سلامتی کونسل کی قرارداد پر فوری عمل کا مطالبہ
شہباز شریف نے مزید کہا کہ غزہ میں دانستہ اسپتالوں اور پناہ گزین کیمپوں پربمباری انتہائی قابلِ مذمت ہے، پاکستان جون1967 سےقبل سرحدوں والی فلسطینی ریاست کی حمایت جاری رکھےگا۔
دوسری جانب اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب نے غزہ پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کی منظوری کا خیرمقدم کیا ہے۔
پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے اپنے بیان میں غزہ پر اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قرارداد پر فوری عمل کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2728 کی منظوری کا خیر مقدم کرتا ہے۔
سلامتی کونسل میں غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرارداد منظور
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرارداد منظور کرلی۔
سلامتی کونسل نے غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرارداد منظور کرلی
غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کی قرارداد پر رائے شماری کے لیے سلامتی کونسل کا اجلاس آج ہوا جس میں قرارداد کو منظور کرلیا گیا جب کہ فوری جنگ بندی کی قراردادسلامتی کونسل کے10 رکن ممالک نے پیش کی۔
قرارداد پیش کرنے والے ممالک میں الجزائر، جاپان، ایکواڈور ، سوئٹزرلینڈ، جنوبی کوریا، مالٹا اور دیگر ممالک شامل تھے۔
سلامتی کونسل کے15میں سے 14 ارکان نےقراردادکی حمایت کی جب کہ امریکا نے غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد پر ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔