چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سینیٹ انتخابات میںاپنی امیدواروں کی حمایت کیلئے دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطوں اور مذاکرات کیلئے 4رکنی خصوصی کمیٹی تشکیل دیدی ہے،پیپلز پارٹی کی طرف سے جاری کردہ اطلاعات کے مطابق کمیٹی میں سید خورشید شاہ، فیصل کریم کنڈی، محمد علی شاہ باچااور شجاع خان شامل ہیں، پنجاب میں بھی مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطوں اور مذاکرات کیلئے کمیٹی قائم کردی گئی ہے،پنجاب کیلئے قائم کی گئی کمیٹی میں راجہ پرویز اشرف، سید حسن مرتضیٰ ،ندیم افضل چن اور سید علی حیدر گیلانی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے سینیٹ کی 48 نشستوں پر پولنگ کا شیڈول جاری کردیا گیاتھا۔
سینیٹ کی 48 نشستوں پر پولنگ 2 اپریل 2024ءکو ہوگی، اس سلسلے میں ریٹرننگ آفیسرز آج پبلک نوٹس جاری کریں گے، جس کے بعد کاغذات نامزدگی 15 تا 16 مارچ جمع ہوں گے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق 19 مارچ تک امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی ہوگی۔
21 مارچ تک ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں دائر کی جا سکیں گی اور پھر اپیلٹ ٹریبونلز 25 مارچ تک اپیلوں کو نمٹائیں گے، جس کے بعد 26 مارچ کو نظر ثانی فہرست اور 27 مارچ کو امیدوار اپنے کاغذات واپس لے سکیں گے۔سینیٹ کی 48 نشستوں پر پارلیمنٹ ہاوٴس اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ووٹنگ ہوگی۔ سینیٹ انتخابات کی پولنگ صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک ہوگی۔الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن ٹربیونل 25 مارچ تک اپیلیں نمٹائیں گے اور امیدواروں کی فہرست 26 مارچ کوآویزاں کی جائیں گی جب کہ کاغذات نامزدگی 27 مارچ تک واپس لئے جاسکتے ہیں۔