پنجاب کے 18شہروں میں سیف سٹی پروجیکٹ لگانے کے معاہدے پر دستخط کردئیے گئے،پنجاب کے 18 شہروں میں این آر ٹی سی کی معاونت سے سمارٹ سیف سٹی پراجیکٹ لگائے جائیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی موجودگی میں پنجاب سیف سٹی اتھارٹی اور این آر ٹی سی کے درمیان معاہدہ طے پایا۔سمارٹ سیف سٹی اتھارٹی کی طرف سے ایم ڈی احسن یونس اور این آر ٹی سی کے نمائندے سید عامر جاوید نے معاہدے پر دستخط کئے۔
اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ 18 شہروں میں ایئر کوالٹی انڈیکس مانیٹرنگ انوائرمنٹ سینسر بھی لگائے جائیں گے جبکہ گجرات، جہلم، شیخوپورہ، اوکاڑہ اور ٹیکسلا میں سیف سٹی پراجیکٹ مئی کے آخر میں فنکشنل ہوں گے اورملتان، بہاولپور، سرگودھا، رحیم یار خان، مظفرگڑھ ، ساہیوال، جھنگ، اٹک، حسن ابدال، ڈی جی خان، سیالکوٹ، مری، اوکاڑہ اور میانوالی میں سیف سٹی اسی سال مکمل ہوں گے۔
معاہدے کی تقریب میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، چیف سیکریٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکریٹری داخلہ، آئی جی پولیس، سیکریٹری فنانس اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔یاد رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عہدہ سنبھالتے ہی 31 دسمبر تک تمام اضلاع میں سمارٹ سیف سٹی پراجیکٹ لانچ کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔سیف سٹی اتھارٹی کے دورے کے موقع پر مریم نواز نے سیف سٹی مانیٹرنگ کے عمل کا مشاہدہ کیا تھا۔
انہوں نے تونسہ کی فیکٹری میں چوری کی کال پر رسپانس کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ نے 15 پر کال کر کے پولیس رسپانس اور ٹائم بھی چیک کیا تھا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے خواتین کے تحفظ کیلیے اپ گریڈڈ ’ویمن سیفٹی ایپ‘ لانچ کرنے کی ہدایت کی۔ نومنتخب وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دی گئی کہ جرائم کے سدباب کیلئے سیف سٹی کرائم اسٹاپر ایپ اور ٹرائل رن شروع ہے، ایپ سے دہشتگردی، زیادتی و دیگر جرائم رپورٹ کئے جا سکیں گے جبکہ ہیلمٹ، سیٹ بیلٹ اور اسلحے کی نمائش روکنے کیلئے اے آئی بیسڈ سافٹ ویئر بھی تیار کئے جا رہے ہیں۔بریفنگ میں بتایا گیاتھا کہ سیف سٹی اتھارٹی کیمروں کے ذریعے تجاوزات کی نشاندہی بھی ممکن ہوگی، کیمروں سے اسپتال، بس اسٹینڈ، ائیرپورٹ اور ریلوے اسٹیشن کی مانیٹرنگ ہوسکے گی۔