پشاور کے علاقے بورڈ بازار ناصر باغ روڈ پر موٹر سائیکل میں مبینہ دھماکے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 1 زخمی ہوگیا ہے۔ ریسکیو 1122 پشاور کے مطابق بورڈ بازار ناصر باغ روڈ پر موٹر سائیکل میں مبینہ دھماکہ ہوا جس کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز موقع پر پہنچ گئیں۔ ابتدائی و غیر مصدقہ اطلاعات سے معلوم ہوا کہ دھماکہ موٹر سائیکل میں ہوا جس میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 1 زخمی ہو گیا ہے، ریسکیو 1122 نے تمام افراد کو خیبر ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیا ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے اپنی رپورٹ میں بتایا 4 سے 5 کلو بارود دھماکے میں استعمال ہوا، اس دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور ایک زخمی شخص ہے، تاہم یہ دھماکہ خودکش تھا یا نہیں اس بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ تینوں ملزمان ایک موٹر سائیکل پر سوار تھے، بارودی مواد ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جایا جا رہا تھا، بارودی مواد کو لے جاتے ہوئے راستے میں ہی دھماکہ ہوا، اس کے ذریعے حملہ آور ٹارگٹ کس کو کر رہے تھا اب کچھ نہیں کہہ سکتے، اس حوالے سے پولیس مزید تفتیش کرہی ہے۔