متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماءفاروق ستار نے کہا ہے کہ صدارتی انتخاب میں آصف زرداری کو غیر مشروط طور پر سپورٹ کرینگے،وزیراعظم کے انتخاب کے موقع پر بھی ہم نے شہباز شریف کی مکمل حمایت کا اعلان کیا تھا اس لئے آصف زرداری کو سپورٹ کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے ہم اتحادی حکومت میں شامل ہیں اور پہلے بھی مل کر اکھٹے کام کر چکے ہیں ۔
ہمارے پیپلزپارٹی کے ساتھ کوئی اختلافات نہیں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سارے اسٹیک ہولڈرز کا اسٹیک داوٴ پر لگا ہوا ہے، اسمبلی ناکام ہوتی ہے تو یہ صرف ن لیگ، پیپلز پارٹی یا ایم کیوایم کی ناکامی نہیں پی ٹی آئی کی بھی ناکامی ہو گی۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے حق میں ہوں۔
بلاول بھٹو نے بھی اسمبلی میںکی گئی تقریر کے دوران مفاہمت کی بات کی تھی۔
رہنماءمتحدہ قومی موومنٹ فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا ن لیگ کے آئینی ترامیم کے حوالے سے معاہدہ ہوا ہے اور ہماری کوشش ہوگی کہ اس معاہدے پر دونوں فریق مکمل عمل کریں ۔ مفاہمتی یاداشتی کی شاید قانونی حیثیت نہیں ہوتی اخلاقی حیثیت ہوتی ہے۔بلاول بھٹو نے بھی ہمیں کہا کہ آئینی ترمیم کا مسودہ مجھے دیں۔یا د رہے کہ چند روز قبل مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم پاکستان کے درمیان آئینی ترمیم پر معاہدہ طے پایا تھا۔
مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم پاکستان کے درمیان آئین کے آرٹیکل 140 میں ترمیم پر اتفاق ہو گیا تھا۔مسلم لیگ ن کی جانب سے احسن اقبال نے معاہدے پر دستخط کئے تھے جبکہ ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے مصطفیٰ کمال نے معاہدے پر دستخط کئے ۔معاہدے کے مطابق آرٹیکل 140 کے تحت صوبوں کو دیے جانے والے فنڈز ضلعی حکومتوں کو جائیں گے۔مسلم لیگ ن سے معاہدے کے بعد ایم کیو ایم پاکستان نے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کیلئے ووٹ دئیے تھے۔بعدازاں ایم کیو ایم نے وزیراعظم کے انتخاب کیلئے تمام اتحادی جماعتوں کے متفقہ امیدوار شہباز شریف کو بھی ووٹ دیا تھا ۔