ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو غیرقانونی اسلحہ و شراب برآمدگی کیس میں اشتہاری قرار دینے کا ٹرائل کورٹ کا حکم کالعدم قرار دے دیا۔جمعرات کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے علی امین گنڈاپور کی اپیل پر سماعت کی۔درخواست گزار وکیل راجا ظہورالحسن اور پراسیکیوٹر محمد سلمان خان عدالت میں پیش ہوئے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین امین گنڈاپور کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی تھی جوکہ عدالت نے منظور کرلی۔وکیل نے استدعا کی کہ سرکاری مصروفیات کے باعث علی امین گنڈاپور عدالت پیش نہیں ہوسکتے، استثنیٰ دیا جائے۔دوران سماعت وکلا کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دینے کا حکم کالعدم قرار دیدیا۔عدالت نے ریمارکس دئیے کہ پراسس سرور نے نوٹسز تعمیل نہیں کرائے اور ملزم کو نوٹسز موصول نہ ہوسکے، ملزم کے خلاف دفعہ 87اور 88کی کارروائی ختم کی جاتی ہے،درخواست گزار 50ہزار روپے کے مچلکے اور ایک مقامی ضامن دے۔بعدازاں عدالت نے کیس واپس ٹرائل کورٹ کو بھجواتے ہوئے سماعت 14مارچ تک ملتوی کردی۔